پاکستان سٹیل کے ملازمین کو عیدالاضحی سے قبل تنخواہیں ادا کردی جائیں گی ‘ترجمان

پیر 22 ستمبر 2014 12:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) پاکستان اسٹیل کے ترجمان نے اپنے اعلامیہ میں بتایا ہے کہ پاکستان اسٹیل کے ملازمین کوعیدالاضحی سے قبل تنخواہیں ادا کردی جائیں گی، حکومتی مالیاتی پیکیج کے 18 ارب 50 کروڑ روپے میں سے 5 ویں قسط کی وصولی کے بعد اسی ہفتہ کے دوران ڈیڑھ ماہ یعنی جولائی 2014ء کی نصف اور ماہ اگست 2014ء کی مکمل تنخواہیں ملازمین کو ادا کر دی جائیں گی۔

واضح رہے کہ حکومتی مالیاتی پیکیج کی بدولت خام مال کی مسلسل آمد سے رواں ماہ ستمبر 2014ء کے دوران پیداوار 30 فیصد رہی ہے جبکہ ماہ اکتوبر 2014ء کے دوران پیداواری ہدف 40 فیصد مقررکیا گیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ر) ظہیر احمد خان نے کہا کہ ادارے کے ملازمین کے نظم و ضبط کی پابندی کرنے اور روز و شب محنت سے پیداوار میں اضافے سے پاکستان اسٹیل کی ساکھ بحال ہو رہی ہے جو ملک و قوم کے لئے خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کارخانوں کی مرمت و دیکھ بھال کے کام بھی وسائل کے مطابق سرانجام دیئے جا رہے ہیں اور توقع ہے کہ کارخانوں کی مرمت کے کام بروقت ہونے کی بدولت پاکستان اسٹیل کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔ انتظامیہ پاکستان اسٹیل وزارتِ صنعت و پیداوار کی ہدایت کے مطابق پاکستان اسٹیل کی ترقی کے لئے اقدامات کررہی ہے جس کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :