Live Updates

پاکستان تحریک انصاف نے ملتان کے حلقے این اے 149 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کا اعلان کر دیا

پیر 22 ستمبر 2014 12:33

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف نے ملتان کے حلقے این اے 149 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پی ٹی آئی کسی صورت بھی اس حلقے کے ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے گی۔انہوں نے کہاکہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ گزشتہ روز کراچی کی عوام نے 2013 کے انتخابات کو مسترد کیا اور اب ہم لاہور اور ملتان کی عوام سے پوچھیں گے کیا وہ اس الیکشن کمیشن کو تسلیم کرتے ہیں اور موجودہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور پھر اس کے بعد پارٹی کا جو بھی فیصلہ ہو گا اس سے سب کو آگاہ کر دیا جائیگا۔ نجی ٹی وی کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس وقت پاکستان تحریک انصاف کا کوئی بھی صدر نہیں ہے، جاوید ہاشمی اپنے انٹر ویوز میں کہ چکے ہیں کہ میں نے پارٹی چھوڑ دی تو پھر پارٹی چھوڑنے کے بعد کوئی بھلا کیسے کسی جماعت کا صدر رہ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی بہکی بہکی باتیں کر رہے ہیں، فی الحال ان کی باتوں کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھتا اگر وہ پارٹی کے صدر ہوتے تو ضمنی انتخابات میں پارٹی انھیں ٹکٹ جاری کرتی۔تحریک انصاف کے وائس چیئرمین نے کہاکہ اگر جاوید ہاشمی خود کو پارٹی کا صدر سمجھتے ہیں تو وہ آئیں اور اسلام آباد میں کنٹینر پرکھڑے ہو کر پارٹی ورکر سے پوچھیں کہ آیا وہ بھی انھیں صدر تسلیم کرتے ہیں یا نہیں، 25 دسمبر 2013 کو جس کراچی کی عوام نے انھیں باغی کا خطاب دیا 21 ستمبر 2014 کو اسی عوام نے انھیں داغی کا خطاب دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر مسلم لیگ (ن) کا جاوید ہاشمی سے کوئی مک مکا نہیں ہوا ہے تو پھر( ن) لیگ کو ان کے مقابلے میں اپنا امیدوار کھڑا کرنا چاہیے اور اگر بیلٹ پیپر پر ن لیگ کا نشان نظر نہیں آتا تو سمجھ لیں کہ جاوید ہاشمی اور ن لیگ کے درمیان مک مکا ہو چکا ہے۔واضح رہے کہ جاوید ہاشمی تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان سے اختلافات کے بعد اسلام آباد میں جاری آزادی مارچ چھوڑ کر چلے گئے تھے اور پھر 2 ستمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران قومی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہو گئے تھے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے 16 اکتوبر کو ان کے حلقے میں دوبارہ انتخابات کرانے کا اعلان کیا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات