وزیراعظم کے استعفی کیلئے عمران کا لاہور جانے کا اعلان

اتوار 21 ستمبر 2014 19:22

وزیراعظم کے استعفی کیلئے عمران کا لاہور جانے کا اعلان

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک نواز شریف استعفی نہیں دیں گے یہ مہم ختم نہیں ہو گی۔کراچی میں جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک نیا پاکستان بنائیں گے، سب سے زیادہ اہمیت تعلیم کو دینی ہے اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافی کریں گے، دوسرا کام پولیس کو ٹھیک کرنا ہے اور اسے غیر جانب دار کرنا ہے تاکہ لوگ پولیس کے پاس جانے میں خوف محسوس نہ کریں یہ اسی وقت ممکن ہے جب پولیس غیر سیاسی ہو اور کراچی میں اس کو لازمی لے کر آنا ہے کہ یہاں ایک غیر سیاسی پولیس ہو، تیسرا کام ہم نے عدلیہ کے ججوں کے تنخواہوں میں اضافہ کرنا ہے تاکہ کوئی جج رشوت نہ لیں اور انصاف سے فیصلے کریں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اب لاہور جا رہا ہوں، لاہور والے تیاری کر لیں نواز شریف کے پیچھے وہاں جا رہا ہوں۔

(جاری ہے)

خطاب کے شروع میں شرکاء سے وعدہ کیا کہ کبھی ظلم کے خلاف خاموش نہیں رہیں گے۔انہوں نے اعلان کیا کہ میں کراچی میں تمام قومیتوں کو یکجا کرنے آیا ہوں پہلے تقسیم کرکے اس کا سیاسی فائدہ اٹھایا گیا جبکہ ظالم سب متحد ہو گئے تھے ، تحریک انصاف ایک بار پھر اتحاد قائم کرنےکے لیےآئی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آزاد قوم کا حق ہوتا ہے کہ وہ اپنے ووٹ سے حکمران منتخب کریں، 1970 کے علاوہ کبھی منصفانہ الیکشن نہیں ہوئے۔عمران خان نے کہا کہ ملک میں ایک مثالی بلدیاتی نظام بنائیں گے پختونخوا میں ایک اعلیٰ نظام بنا کر دیکھائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اب جانا ہوگا، دوخاندان ہیں جو باری باری حکومت میں آ رہے ہیں اور یہی دو امیر ہو رہے ہیں جبکہ عوام غریب ہو رہی ہے۔

تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو جانے سے اب امریکا اور سعودی عرب نہیں بچا سکتے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک انصاف خاندانی سیاست کو ختم کریں گے، ہماری جماعت میں الیکشن ہوں گے جو جیتے گا وہ آگے آئے گا جبکہ عمران خان کے بیٹے سیاست میں حصہ نہیں لیں گے۔انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ جاوید میانداد کھڑے ہیں جبکہ محسن خان بھی موجود ہیں ان سے پو چھا لیا جائے ہمیشہ ٹیم میرٹ پی منتخب کی ہے۔

انہوں نے سندھ کی عوام سے کہا کہ ہم ملک کر وڈیروں سے آزاد کریں گے۔ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ کلر حکومت میں شامل عناصر کی پشت پناہی کے بغیر آزاد نہیں گھوم سکتے، لیاری کے عوام کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے وہ بنیادی سہولیات سے محروم ہے، کراچی میں مختلف مافیاز سرگرم ہیں پانی بھی خریدنا پڑتا ہے ان تمام مافیاز کو ختم کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام میں سب سے سیاسی شعور ہے، آئندہ اپنا مینڈیٹ کسی کو چوری کرنے نہیں دینا اور وی آئی پی کلچر کو ختم کرکے رہنا تاکہ کوئی وی آئی پی روڈ بلاک نہ کر سکے۔انہوں نے شرکاء کے نعرے لگانے پر کہا کہ اسلام آباد میں دھرنا میرا انتظار کر رہا اس لیے مجھے بات کرنے دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :