تحریک انصاف بیورو کریسی نظام میں وسیع پیمانے پر اصلاحات لانے کی خواہاں ہے، اسد قیصر

صوبے کی ترقی ، عوام کی خوشحالی ہمارا مشن ہے، تکمیل کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

اتوار 21 ستمبر 2014 16:45

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبار تاز ترین ۔ 21ستمبر۔ 2014ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف بیوروکریسی نظام میں وسیع پیمانے پر اصلاحات لانے کی خواہاں ہے تاکہ ترقیاتی منصوبوں میں جو تاخیرواقع ہورہی ہے کو ختم کیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہمارا مشن ہے اور اس مشن کی تکمیل کیلئے تمام تر دستیاب وسائل برؤئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یونین کونسل کوٹھا صوابی میں بٹاکڑہ روڈ ،فلور میل روڈ،اور برہ غلام خیل میں واٹر سپلائی سکیم کے افتتاحی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ا نہوں نے کہاکہ تمام تر پارٹی و سیاسی وابستگیوں سے بالاتر رہ کر عوام کی خدمت کررہے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق کسی سے بھی کوئی امتیاز روا نہیں رکھا جارہا۔

(جاری ہے)

تربیلہ صوابی لائن پر بجلی کے تار ڈالنے کام تیزی سے جاری ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے ضلع صوابی میں بجلی کی وولٹیج کا مسئلہ ازخود حل ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوام پر احسان نہیں بلکہ ان کا حق اور حکومت کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ وہ خود ایک متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور غریب عوام کے دکھ درد سے بخوبی واقف ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق کسی سے کوئی امتیاز روارکھنے کے بارے میں وہ سوچ بھی نہیں سکتے کیونکہ وہ اس طرزعمل کو سیاسی بدنیتی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاست عبادت کا درجہ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد علاقے میں جو ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں ان کے بارے میں عوام ماضی میں سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سیاست علاقائی یا گروہی نہیں بلکہ وہ اجتماعی تعمیر وترقی کی سوچ رکھتے ہیں اور وہ شروع سے ہی اسی پالیسی پر گامزن ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تربیلہ صوابی بجلی کی ہائی پاور ٹرانسمیشن لائن پر کام بڑی عید تک مکمل ہوجائیگا۔سپیکر اسد قیصر نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکوں میں ذاتی پسند و ناپسند اور رشوت ،کمشن کا تصور ختم ہوچکا ہے اور تمام تر ٹھیکے شفاف انداز میں دیے جارہے ہیں جن کا ماضی میں تصور بھی ناممکن تھا۔انہوں نے کہاکہ نہ کمشن لیتے ہیں اور نہ ہی کسی کوکمشن لینے کی اجازت دینگے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا۔ انہوں نے لوگوں کو بھی تلقین کی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کڑی نظر رکھیں اور اس بارے میں شکایات سے ذاتی طور پر آگاہ کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں غیر معیاری مٹیریل استعمال کرنے کو کسی صورت برادشت نہیں کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ برہ غلام خیل واٹر سپلائی سکیم سے تقریباً34000گھرانے مستفید ہونگے۔

سپیکر اسد قیصر نے موقع پر یونین کونسل کوٹھا کیلئے مختلف ترقیاتی منصوبوں سمیت پانچ ٹرانسفارمرز ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا۔سپیکر صوبائی اسمبلی نے کہاکہ فلور میل روڈ (میلونہ لار)اورکوٹھابٹاکڑہ روڈ صوابی کی تعمیر سے علاقے کے لوگوں کو نہ صرف آمد ورفت میں سہولت میسر آئے گی بلکہ کھیتوں سے مارکیٹ تک زرعی اجناس پہنچانے میں بھی زمینداروں کو سہولت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ان سڑکوں کے علاوہ علاقے میں کئی دوسری اہم سڑکوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے جن کی تکمیل سے علاقے میں سڑکوں کا ایک نیا نیٹ ورک قائم ہوجائیگا جن کی بدولت مختلف علاقوں کے لوگ ایک دوسرے کے اور قریب آجائینگے۔انہوں نے کہا کہ برغلام خیل واٹر سپلائی سکیم ،میلونہ روڈ اورکوٹھا بٹاکڑہ روڈ کی تعمیر عوام کے دیرینہ مطالبات تھے ۔انہوں نے کہا کہ عوام افواہوں پر کان نہ دھریں کیونکہ ترقی کا یہ سفر ہر حال میں جاری و ساری رہے گا۔ قبل ازیں اجتماع سے پاکستان تحریک انصاف کے جاوید خان،ندیم خان طاہرخیلی اوررفیق بابونے بھی خطاب کیا۔