نوازشریف مسئلہ کشمیر،بھارتی آبی جارحیت اور راء کی دہشتگردی کو جنرل اسمبلی میں اٹھائیں‘ جماعت اسلامی پنجاب

کھیلوں کے میدانوں سے لیکر کشمیر کی آزادی تک ہندوستان نے ہمیشہ دہرے معیار کو اختیار کیاہے ‘ ڈاکٹر وسیم اختر

اتوار 21 ستمبر 2014 15:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تاز ترین ۔ 21ستمبر۔ 2014ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اخترنے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کی جانب سے کیے جانے والے پروپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس کی مکمل آزادی تک پاکستان کاوجود قائم رکھناممکن نہیں ،کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دینے والے کشمیری عوام کے جذبات مجروح اور ان کے حقوق کوپامال کررہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بھارتی واویلے کا بھرپور جواب دے،نوازشریف مسئلہ کشمیر،بھارتی آبی جارحیت اور راء کی دہشتگردی کو جنرل اسمبلی میں اٹھائیں۔جماعت اسلامی کے رہنمانے مزید کہاکہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ بھارت کبھی پاکستان کادوست نہیں رہا۔

(جاری ہے)

اس نے ہمیشہ وطن عزیز کو نقصان پہنچانے کاکوئی موقع خالی ہاتھ نہیں جانے دیا۔

کھیلوں کے میدانوں سے لے کر کشمیر کی آزادی تک ہندوستان نے ہمیشہ دہرے معیار کو اختیار کیاہے اور یہ سلسلہ ہنوزجاری ہے۔پاکستان کے20کروڑ عوام کشمیری مسلمان بھائیوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور کشمیر کی آزادی تک اپنی ہرممکن مددجاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان کے ساتھ دوستی کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔کشمیر کے پائیدار حل،راء کی دہشت گردی کی کاروائیوں اور آبی جارحیت سمیت تمام حل طلب امور میں سنجیدگی اختیار کرنے تک بھارت سے خیر کی توقع نہیں۔

حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ایسے فیصلے نہ کریں جو پاکستان کے مفادات میں نہ ہوں۔ڈاکٹرسید وسیم اختر نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کاخصوصی سٹیٹس ختم کرنا بہت خطرناک ہے۔آرٹیکل370کے خاتمے سے کشمیر میں خون خرابہ ہوگا۔عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کانوٹس لے۔امن اور انسانیت کے علمبردار ممالک اور این جی اوز کومسلمانوں کابہتاہواخون کیوں نہیں نظر آتا؟66برسوں سے کشمیری اپنے حق کی جنگ لڑرہے ہیں۔