لندن سے آنیوالی پرواز کے پائلٹ اور عملے کو غیر ملکی کرنسی ،بیش قیمت موبائل فون اور دیگر اشیاء برآمد ہونے پر حراست میں لے لیا گیا

مانچسٹر جانے والی قومی ائیر لائن کی پرواز پی کے 709کے پائلٹ اور کاک پٹ کریو نے احتجاجاًطیارہ اڑانے سے انکار کر دیا کسٹم حکام نے پائلٹ عامر ہاشمی کے سوا تمام عملے کو جانے کی اجازت دیدی،ساتھ لے کر جائینگے ،کسٹم کے دفتر کے باہر مظاہرہ

اتوار 21 ستمبر 2014 15:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تاز ترین ۔ 21ستمبر۔ 2014ء) علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر کسٹم حکام نے لندن سے آنے والی قومی ایئرلائن کی پرواز کے پائلٹ اور دیگر عملے کو غیر ملکی کرنسی ،بیش قیمت موبائل فون اور الیکٹرانکس کی اشیاء برآمد ہونے پر پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لے لیا ،پائلٹ و پالپا کے چیئرمین عامر ہاشمی اور دیگر عملے کو حراست میں لیے جانے پر مانچسٹر جانے والی قومی ائیر لائن کی پرواز پی کے 709کے پائلٹ اور کاک پٹ کریو نے احتجاجاًطیارہ اڑانے سے انکار کر دیا ،وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی شجاعت حسین نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کو فوری حل کرانے کے لئے مداخلت کی ۔

بتایا گیا ہے کہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لندن سے آنے والی قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 758 کے ایک مسافر کے سامان سے بیش قیمت موبائل فون برآمد ہوئے جنہیں ڈیوٹی ادا کئے بغیر اسمگل کیا جارہا تھا ۔

(جاری ہے)

دوران حراست اس مسافر نے ان موبائل فون کو پرواز ہی میں موجود ایک ایئرہوسٹس کی ملکیت قرار دیا اور بتایا کہ ائیر ہوسٹس نے اسے وہ بیگ کسٹم ہال تک لیجانے کیلئے دیا تھا جس پر کسٹم حکام نے عملے کے سامان کی تلاشی لی تو ان کے سامان سے دیگر چیزیں بھی برآمد ہوئیں۔

اس کے علاوہ طیارے کے پائلٹ و پالپا کے چیئرمین عامر ہاشمی سے بھی5ہزار برطانوی پاؤنڈ برآمد ہوئے۔رقم کی برآمدگی پر عامر ہاشمی کا کہنا تھا کہ یہ رقم ان کی ذاتی ہے جس پر کسٹم حکام کا موقف تھا کہ ملک کے قوانین کے تحت کوئی بھی شہری اتنی بڑی رقم مقررہ قانونی کارروائی کے بغیر نہیں لاسکتا ۔ کسٹم حکام نے عامر ہاشمی سمیت پرواز کے دیگر عملے کو بھی حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ۔

اطلاع ملنے پر سی بی اے یونین کے عہدیدار اور اراکین ائیر پورٹ پہنچ گئے اور کسٹم حکام کے رویے کے خلاف احتجاج کیا ۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی شجاعت عظیم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کو حل کرنے کی ہدایات دیں ۔سی بی اے یونین کے سیکرٹری محمود بخاری کی قیادت میں رہنماؤں نے کسٹم حکام سے مذاکرات کئے ۔اس دوران لاہور سے مانچسٹر جانے والی پرواز پی کے 709کے پائلٹ اور کاک پٹ کے کریو نے پالپا کے چیئرمین عامر ہاشمی سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے احتجاجاًطیارہ اڑانے سے انکار کر دیا اور سارا عملہ طیارے سے نیچے اتر آیا جسکی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا ۔

کسٹم حکام نے پائلٹ و پالپا کے چیئرمین عامر ہاشمی کے سوا باقی عملے کو جانے کی اجازت دیدی تاہم سی بی اے عہدیداروں اور عملے نے وہاں جانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عامر ہاشمی کو ساتھ لے کر جائینگے او رکسٹم آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا ۔ دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایوی ایشن رولز کے مطابق پائلٹ دس ہزار ڈالر تک کی رقم اپنے پاس رکھ سکتا ہے ۔کسٹم حکام کی طرف سے سخت زیادتی کی گئی ہے جسکے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کی جا سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :