ہنگو، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جے یو آئی ف کے رہنماء مولانا شیر عالم فاروقی جاں بحق

پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا مولانا شیر عالم تحصیل ہنگو میں جماعت کے نائب امیر تھے  جامعہ حقانیہ سے فارغ التحصیل تھے  سیکرٹری اطلاعات جے یو آئی

اتوار 21 ستمبر 2014 14:37

ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبار تاز ترین ۔ 21ستمبر۔ 2014ء) ہنگو کے علاقے تور غنڈی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے جے یو آئی (ف) کے رہنماء مولانا شیر عالم فاروقی کوجاں بحق کردیا۔پولیس کے مطابق جے یو آئی (ف )کے رہنماء مولاناشیرعالم فاروقی پر نامعلوم افراد نے علاقہ توراغنڈی میں حجرے کے قریب فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگئے تاہم پولیس اہلکار کے مطابق مولانا شیر عالم فاروقی اپنی گاڑی میں گھر سے مدرسے کی جانب جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ مولانا شیر عالم کے گھر سے مدرسہ کوئی دس سے بارہ کلومیٹر دور واقع ہے اور وہ معمول سے اس وقت مدرسے جایا کرتے تھے۔ مولاناشیر عالم کے بارے میں مقامی لوگوں نے بتایا کہ وہ جمعیت کے اہم رہنما مفتی جانان کے قریبی ساتھی تھے۔

(جاری ہے)

جمعیت علماء اسلام کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالجلیل جان نے اس واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا شیر عالم تحصیل ہنگو میں ان کی جماعت کے نائب امیر تھے اور وہ جامعہ حقانیہ سے فارغ التحصیل تھے۔

ہنگو میں ہی گزشتہ سال انتخابات کے بعد علاقے سے منتخب ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی فرید خان کو بھی ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد ہنگو اور اس کے مضافات میں فسادات پھوٹ پڑے تھے۔ادھر مقتول کی لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا، ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

متعلقہ عنوان :