وزیراعظم نواز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس (کل) ہوگا،دھرنوں کے خاتمہ کے لئے حکمت عملی کو حتمی شکل دیئے جانے کا امکان، مشترکہ مفادات کونسل کا پیر کو مجوزہ اجلاس ملتوی کردیا گیا،ایک مرتبہ پھر مردم شماری سمیت دیگر اہم امور پر فیصلے کھٹائی میں پڑ گئے

اتوار 21 ستمبر 2014 13:36

وزیراعظم نواز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس (کل) ہوگا،دھرنوں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21ستمبر۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس (کل) پیر کو ہوگا جس میں دھرنوں کے خاتمہ کے لئے حکمت عملی کو حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ کابینہ چینی صدر کے دورہ پاکستان سمیت دیگر اہم امور پر بھی غور کرے گی جبکہ وزیراعظم کی طرف سے بلایا گیا مشترکہ مفادات کونسل کا پیر کو مجوزہ اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے جس سے ایک مرتبہ پھر مردم شماری سمیت دیگر اہم امور پر فیصلے کھٹائی میں پڑ گئے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان واضح طور پر کہہ چکا ہے کہ مردم شماری کے بغیر اب کوئی حلقہ بندی اور انتخابات نہیں ہو سکتے جس سے بلدیاتی انتخابات ایک مرتبہ پھر دلی دور است ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف ملکوں سے تجارتی و اقتصادی منصوبوں کی منظوری بھی دی جائے گی۔مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے التواء کے بارے میں تمام وزرائے اعلی‘ متعلقہ وفاقی وزراء اور دیگر حکام کو اطلاع دے دی گئی ہے اجلاس میں مردم شماری سمیت دیگر امور پر غور کیا جانا تھا تاہم اجلاس وزیراعظم کی مصروفیات کے باعث ملتوی کردیا گیا ہے اب یہ اجلاس وزیراعظم کی دورہ امریکہ سے واپسی پر ہوگا۔