سیلاب سے متاثرہ مکانات کے نقصانات کے سروے کا نوے فیصد سے زائد کام کاپہلا مرحلہ مکمل ہو چکاہے، ڈی سی اوسرگودہا

ہفتہ 20 ستمبر 2014 23:06

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر 2014ء) ضلع سرگودہا میں سیلاب سے متاثرہ مکانات کے نقصانات کے سروے کا نوے فیصد سے زائد کام کاپہلا مرحلہ مکمل ہو چکاہے۔ جس کے بعد حکومت کی ہدایت کے مطابق سیلاب سے فصلوں کے نقصانات کاجائزہ لینے کیلئے ریونیو فیلڈ سٹاف کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔ اس امر کا انکشاف ڈی سی اوسرگودہا ثاقب منان نے سروے ٹیموں کی پرفارمنس کاجائزہ لینے کے سلسلہ میں ایک اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں ای ڈی سی ڈاکٹر فاروق منظور کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنروں ‘ ای ڈی او ایجوکیشن ملک ظفر عباس ریحان ‘ ای ڈی اوہیلتھ ڈاکٹر نذیر عاقب نیکوکارہ ‘ ای ڈی او زراعت محمد رمضان نیازی ‘ ڈی او لائیوسٹاک نصراللہ کلیار اور ڈی او زراعت میاں طاہر جمیل کے علاوہ دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے بتایاکہ مکانات او رفصلوں کے نقصانات کے سروے کے بارے میں کسی قسم کی شکایات کے ازالہ کیلئے حکومت نے ڈسٹرکٹ رویویو کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جس کے سربراہ ڈی سی او ہوں گے ۔

دیگر ارکان میں اے ڈی سی اور محکمہ زراعت کانمائندہ شامل ہوگا۔ڈی سی او نے بتایا کہ سروے کاکام مکمل ہونے کے بعد متاثرین میں امدادی رقوم کی تقسیم کا مرحلہ شروع کیاجارہاہے جس کیلئے حکومت نے ضلع سرگودہا کی چار متاثرہ تحصیلوں میں گیارہ پوائنٹس قائم کر دےئے ہیں ۔ جن میں تحصیل بھیرہ میں تین سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں متاثرین میں امدادی رقم تقسیم کی جائے گی۔

ان پوائنٹس میں گورنمنٹ ڈگری کالج بھیرہ ‘ گورنمنٹ ہائی سکول میانی او رگورنمنٹ ہائی سکول چک مبارک شامل ہیں۔ تحصیل ساہیوا ل کیلئے دو پوائنٹ قائم کئے گئے ہیں جن میں سپورٹس سٹیڈیم ساہیوال اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول میٹہ ‘ تحصیل شاہپور میں تین پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جن میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول جھاوریاں ‘ ٹی ایم اے آفس شاہپور صدر اور کینال ریسٹ ہاؤس حسین شاہ شامل ہیں جبکہ تحصیل کوٹ مومن کے بھی تین پوائنٹس پراجیکٹ منیجر آفس مڈھ رانجھا ‘ گورنمنٹ پرائمری سکول چک سلیمان او رگورنمنٹ پرائمری سکول طالب والا شامل ہیں ۔

علاوہ ازیں اجلاس کو بتایا گیاکہ ضلع 222 دیہات متاثر ہوئے جن میں تحصیل بھیرہ کی گیارہ یونین کونسلوں کے 60دیہات ‘ تحصیل کوٹ مومن کی پانچ یونین کونسلوں کے 41 دیہات ‘ تحصیل ساہیوال کی چھ یونین کونسلوں کے 49دیہات ‘ تحصیل شاہپور کی بارہ یونین کونسلوں کے 68 دیہات جبکہ سیلاب سے ڈسٹرکٹ سرگودہا کی ایک یونین کونسل چک 53 جنوبی کے چار دیہات متاثر ہوئے ۔

ڈی سی او نے بتایا کہ متاثرین سیلاب کیلئے امدادی چیکوں کی تقسیم کاپہلا مرحلہ عیدالضحیٰ سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ آفیسر لائیوسٹاک نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جانوروں کی ویکسینشین کاکام 80 فیصد سے زائد مکمل کر لیاگیا ہے ۔ ای ڈی او ہیلتھ نے بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے چار ہزار گولیاں مہیا کر دی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :