مخدوم امین فہیم نے الطاف حسین کے انتظامی یونٹ کے مطالبے کو مستردکردیا،

پی پی پی کسی بھی صورت سندھ کو تقسیم کرنے نہیں دے گی، مخدوم امین فہیم کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 20 ستمبر 2014 21:25

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر 2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی مخدوم امین فہیم نے متحدہ کے قائد الطاف حسین کے ملک میں انتظامی یونٹ کے مطالبے کو مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ پی پی پی کسی بھی صورت میں سندھ تقسیم کرنے نہیں دے گی اور نہ ہی ملک میں کسی بھی ایسے عمل کی حمایت کریگی جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹیاری کے علاقے بھانوٹ میں دریائے سندھ کے بندوں کا معائنہ کرنے کے دوران میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی وزیر روینیو مخدوم جمیل الزماں ، ڈی سی مٹیاری فیاض حسین عباسی ، ایس ایس پی امجد علی شیخ ، ایکس ای این آبپاشی عاشق ڈکھن ، ڈی ایچ او ہیلتھ حسن مراد شاہ اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

مخدوم امین فہیم نے کہا کہ پی پی پی چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کے مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں والے بیان اور الطاف حسین کے مرسوں مرسوں پورا سندھ ڈیسوں والے بیان پر کوئی بھی تبصرہ نہیں کرونگا کیونکہ وہ دونوں پارٹی کے سربراہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پی پی پی کبھی بھی سندھ تقسیم کرنے کا سوچ نہیں سکتی اور نہ ہی کسی ایسے عمل کی حمایت کریگی ۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے اپنے ہر دور اقتدار میں عوام کو روزگار فراہم کیا ہے اور عوام کی خدمت کی ہے کیونکہ یہ ہماری پارٹی کا منشور ہے جس پر ہمیشہ عمل کرتے رہیں گے ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2013کے عام انتخابات میں دھاندلیوں کے متعلق چھان بین کیلئے کمیشن قائم کیا گیا ہے اور وہ کمیشن تمام حقیقتیں عوام کے آگے لائیگا، ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی غلطیوں کی وجہ سے انہیں نقصان پہنچ رہا ہے اس لیے اسے اپنی ماضی کی پالیسیوں کو تبدیل کرنا پڑیگا ۔

مخدوم امین فہیم نے بتایا کہ اعلیٰ عدالتوں کے حکم پر پورے صوبے میں کچے کے علاقوں سے تجاوزات کا خاتمہ لایا جا رہا ہے اور اس ضمن میں تمام اضلاع کی انتظامیہ کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ کچے سے فوری طور پر تجاوزات ختم کرائیں اس موقع پر ڈی سی فیاض حسین عباسی نے امکانی سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے انتظامات اور ڈی ایچ او حسن مراد شاہ نے پولیو مہم کے حوالے سے ایم این اے مخدوم امین فہیم کو تفصلیی بریفنگ دی۔ قبل ازیں ایم این اے مخدوم امین فہیم ، صوبائی وزیر ،مخدوم جمیل الزماں اور دیگر کے ساتھ بھانوٹ میں دریائے سندھ کے بند کا دورہ کیا اور جاری کاموں کا جائزہ بھی لیا۔