انقلاب مارچ سے ملک میں ایک نئی تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے، ملک کا وزیر اعظم پارلیمنٹ میں ہی نہیں جاتا تھا، طاہر القادری ،

جب انقلاب مارچ شروع ہوا تو اس کو پارلیمنٹ میں جانا پڑا، حکمرانوں کو جلد دن میں تارے نظر آئیں گے مشرف دور میں بجلی کی قیمت 3روپے فی یونٹ تھی، پیپلز پارٹی کے دور میں 7روپے ہوئی آج مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں 15روپے فی یونٹ ہو چکی ہے،دھرنے کے شرکاء سے خطاب ، فوج ہمارا ساتھ دے،دھرنے میں شامل ہونے والے بہادر لوگوں کومیں سلام پیش کرتا ہوں چوہدری شجاعت حسین

ہفتہ 20 ستمبر 2014 21:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر 2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر لقادری نے کہا ہے کہ انقلاب مارچ سے ملک میں ایک نئی تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے، ملک کا وزیر اعظم پارلیمنٹ میں ہی نہیں جاتا تھا، جب انقلاب مارچ شروع ہوا تو اس کو پارلیمنٹ میں جانا پڑا، حکمرانوں کو جلد دن میں تارے نظر آئیں گے مشرف دور میں بجلی کی قیمت 3روپے فی یونٹ تھی، پیپلز پارٹی کے دور میں 7روپے ہوئی۔

دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بہت لوگ آئین آئین پکارتے ہیں، کیا ان لوگوں نے کبھی آئین کو پڑھا بھی ہے؟ جس ایوان میں وہ کھڑے ہیں وہاں روزانہ آئیں کی دھجیاں بکھیری جاتی ہیں، یہ کہتے ہیں کہ ہم آئین کے خلاف ہیں ہم تو آئین کو مانتے ہیں جس میں تمام شہریوں کو برابر ی کے حقوق حاصل ہیں، امن و خوشخالی ہوتی ہے اور اقتدار عوام کی امانت ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

عوام اپنے یہی حقوق مانگ رہی ہے اور آج ’گو نواز گو‘ اس قوم کا نعرہ بن چکا ہے، گزشتہ روز سابق وزیر اعلی خیبر پختونخواہ نے بھی ’گو نواز گو ‘ کا نعرہ لگا دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے بنیادی ضرورت کی اشیاء کی قیمتوں میں کئی گینا اضافہ کر دیا ہے، مشرف دور میں بجلی کی قیمت 3روپے فی یونٹ تھی، پیپلز پارٹی کے دور میں 7روپے ہوئی اور آج مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں 15روپے فی یونٹ ہو چکی ہے اور پارلیمنٹ میں وزیر اعظم کہتے ہیں کہ مجھے نہیں معلوم کہ یہ دھرنے والے کیوں یہاں بیٹھے ہیں؟ان کو خبر ہو بھی تو کیسے کیونکہ یہ تو صرف کرپشن کرنے اور پیسہ کمانے میں مشغول ہیں۔

جس دن سے نواز شریف واپس آئے ہیں اس دن سے اپنے خلاف کرپشن کے 143کیسز ختم کروا چکے ہیں اگر ان کا اقتدار باقی رہا تو ان کے خلاف ایک کیس بھی باقی نہیں بچے گا۔دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے پارلیمنٹ سے خطاب میں کوئی اچھی بات نہیں کی،فوج ہمارا ساتھ دے،دھرنے میں شامل ہونے والے بہادر لوگوں کومیں سلام پیش کرتا ہوں ،انقلاب مارچ نے پور ے ملک میں شعور اور بیداری کی لہر پیدا کر دی انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے صرف جنگلہ بس سروس پر دھیان دیا، عوام پر کوئی توجہ نہیں دی، حکومت کے نام پر ملک کو برباد کیا جا رہا ہے، اگرحکومت کام کر رہی ہوتی تو سیلاب سے اتنا نقصان نہ ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ وی آئی کلچر کے خلاف ہیں اور اس کا خاتمہ ہو نا چاہیے۔