وزیراعلیٰ پنجاب سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات کی ملاقات،سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے 3کروڑ8لاکھ روپے کے چیک دے

ہفتہ 20 ستمبر 2014 21:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر 2014ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات نے ملاقات کی اورسیلاب متاثرین کی مدد کے لئے 3کروڑ8لاکھ روپے کے چیک پیش کیے۔ایوان صنعت و تجارت لاہورکے صدرسہیل لاشاری نے چیمبرکی جانب سے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے 1کروڑ روپے اور پی ٹی سی کے ریگولیٹری آفےئر ز کے ہیڈ اسد شاہ نے پی ٹی سی کی جانب سے 1کرو ڑ روپے کا چیک دیا ۔

پیپسی انٹرنیشنل کے کاپوریٹ آفےئرز کے سربراہ خرم شاہ نے پیپسی کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے 10لاکھ لاہورجم خانہ کلب کی جانب سے مصباح الرحمان نے 50لاکھ،ابیکس کنسلٹنٹ عباس خان نے ساڑھے 12لاکھ،ڈاکٹر امجد ثاقب نے 5لاکھ اورایم پی اے روٴف مغل نے 15لاکھ روپے کے چیک سیلاب متاثرین کی مددکیلئے دےئے ۔

(جاری ہے)

سماجی کارکن محمد شفیق نے آئی ڈی پیز کی مدد کیلئے 10لاکھ جبکہ ڈاکٹر امجد ثاقب نے 5لاکھ روپے کا چیک دیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنیوالوں کا جذبہ لائق تحسین ہے۔مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کرنے والوں کو اللہ تعالیٰ اجرعظیم سے نوازے گا۔انہو ں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے جمع ہونے والے عطیات کی ایک ایک پائی شفاف طریقے سے حقداروں تک پہنچائی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب نے پنجاب میں بے پناہ تباہی مچائی ہے۔جانی نقصان کے علاوہ املاک اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کارلارہی ہے۔