ملک میں آئین وقانون اور جمہوریت کی بالادستی ترقی کی ضامن ہے،جماعت اسلامی پنجاب ،

پیچیدہ حالات کو سلجھانے کیلئے سیاسی جرگے کی کاوشیں لائق تحسین ہیں،حکومت گرفتار کارکنوں کورہاکرکے مذاکرات کیلئے ماحول سازگار بنائے،سید وسیم اختر

ہفتہ 20 ستمبر 2014 19:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر 2014ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وپارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کہا ہے کہ ملک میں آئین وقانون اور جمہوریت کی بالادستی ترقی کی ضامن ہے۔تمام ترقی یافتہ ممالک نے اسی راستے پر چلتے ہوئے دنیامیں اپنا لوہامنوایا۔موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر بیرونی سرمایہ دار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی بجائے دوسرے ممالک کارخ کررہے ہیں۔

حالات کی بے یقینی کی وجہ سے چینی صدر کاپاکستانی دورہ ملتوی کرنا اوربھارت جاکرچند گھنٹوں میں12معاہدوں پر دستخط کرناتشویشناک ہے۔ایک معاہدے کے تحت چین اگلے پانچ سالوں میں بھارت میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر20ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں اور دھرنوں نے ملکی معیشت کابیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

ضرورت اس امر کی ہے کہ پیچیدہ حالات کوسلجھانے کے لئے تمام سیاسی جماعتیں اپنامثبت کردار اداکریں۔اس سلسلے میں سیاسی جرگے کی پیش کردہ 11نکات اہم ہیں ان پر عمل درآمد کیاجاناچاہئے۔دونوں فریقین معاملات کوافہام وتفہیم سے حل کریں۔حکومت اوردھرنے والوں کے مابین اختلافات اورکشیدگی کودورکرانے کے لئے سیاسی جرگے کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزیدکہاکہ ماضی میں حکومت اور اپوزیشن کے مابین محاذ آرائی نے غیر جمہوری قوتوں کواقتدار کی راہ دکھائی ہے۔ملک کی موجودہ سنگین صورتحال کے باعث پوری قوم اور بیرون ملک آباد پاکستانی بے انتہا پریشان ہیں۔حکومت پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے گرفتار کارکنوں کو فی الفور رہا کرکے مذاکرات کے لئے ماحول سازگار بنائے۔پوری دنیا کی نظریں اس وقت پاکستان پر جمی ہوئی ہیں۔