ضلع قصور کی40 اہلسنّت جماعتوں اوردرجنوں علماء و مشائخ کاصاحبزادہ حامد رضا کی مکمل تائید و حمایت کا اعلان

ہفتہ 20 ستمبر 2014 18:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر 2014ء ) ضلع قصور کی اہلسنّت کی 40سے زائد جماعتوں اوردرجنوں علماء و مشائخ نے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی قیادت پربھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مکمل تائید و حمایت کا اعلان کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکریڑی اطلاعات ارشد مصطفائی کی رہائش گا ہ مصطفائی ہاؤس پر منعقدہ تنظیماتِ اہلسنّت اور علماء و مشائخ کے مشترکہ اجلاس کے بعدمتفقہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کیا گیا ۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ صاحبزادہ حامد رضا اپنے عظیم باپ صاحبزادہ فضل کریم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مسلسل دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں اور جرأت و استقامت سے حقوقِ اہلسنّت کی جنگ لڑ رہے ہیں اس لیے ضلع بھر کے علماء و مشائخ اور تنظیماتِ اہلسنّت ان کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

انقلابِ نظامِ مصطفی کے لیے صاحبزادہ حامد رضا کی مخلصانہ اور دلیرانہ جدوجہد قابل تحسین ہے۔

وہ عوام اہلسنّت کے دل کی دھڑکنوں میں بستے ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا اہلسنّت کے متفقہ اور غیرمتنازع قائد ہیں۔آپ شیر دل ،دلیر، بہادر اورحریت فکر کے عظیم مجاہد ہیں ، صاحبزادہ حامد رضایا رسول اللہ کہنے والوں کے بے مثال لیڈر ہیں ،اہلسنّت کوآپ پر فخر اور ناز ہے ،آپ سفیر عشق رسول اور فکر رضا کے علمبردار ہیں ،صاحبزادہ حامد رضاکی دینی اور قومی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں۔