حکومت کی حمایت کے اعلانات منافقت ہیں ،”ایزی لوڈ“ پر چلنے والے لیڈر جعلی حکومت کو نہیں بچا سکتے‘ میاں محمود الرشید

ہفتہ 20 ستمبر 2014 16:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر۔2014ء) قائد حزب اختلاف پنجاب و تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے ممبر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ ”ایزی لوڈ“ پر چلنے والے لیڈر اس جعلی حکومت اور جعلی جمہوریت کو نہیں بچا سکتے،فیصل آباد میں 4کروڑ روپے سے نصیبو لعل کاناکام شو منعقد کرنے والوں کو ہمارے دھرنے پر انگلی اٹھاتے ہوئے شرم آنی چاہیے، قوم نے باریوں کی سیاست کو سیلاب میں غرق کرنے کا تہیہ کر لیا ، ایک ہی سانس میں خیبر تا کراچی دھاندلی کی تصدیق اور حکومت کی حمایت کے اعلانات منافقت ہیں ، آمر کے بنائے 3ایم پی او کے کالے قانون کو ہمارے خلاف بے دریغ استعمال کر کے موجودہ جمہوریت نے اپنے چہرے پر مزید سیاہی ملی، پولیس کی لاٹھیاں ٹوٹ گئیں مگر ہمارے کارکنوں کے حوصلے نہیں ٹوٹے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قومی مسائل کا حل ڈھونڈنے کی بجائے شخصی اقتدار کو تحفظ دیا گیا ، گو نواز گو تحریک حکمرانوں کے گھروں تک پہنچ چکی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔میاں محمود الرشید نے کہا کہ تمام تر تشدد اور بربریت کے باوجود ہمارے کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں، وہ ہر شام آگ اور خون کا دریا پار کرکے اپنے جرأت مند قائد عمران خان کا خطاب سننے ڈی چوک پہنچتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے نام نہاد حکومت اور جمہوریت کا کھوکھلا پن بے نقاب کر دیا، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قومی مسائل پر بحث کی بجائے ایک میڈیا ہاؤس کو پروجیکٹ کیا گیا، قوم سوال کررہی ہے کہ موجودہ طاقتور جمہوریت کیبل آپریٹروں کے سامنے بے بس کیوں ہے؟اور یہ کیا تماشا ہے کہ حکومت کا ایک وزیر غداری کا کیس فائل کر کے سزا دلواتا ہے اور دوسرا حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ جاری کرتا ہے؟ تضاد اور انتشار سے بھرپور حکومت کا رخصت ہونا نوشتہ دیوار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں حکمران ہوش اڑا دینے والے حالات اور واقعات کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں۔