پاکستانی دریاؤں سے بھارتی قبضہ چھڑائے بغیر بجلی کے بحران ،سیلابوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ممکن نہیں‘ حافظ محمد سعید

ہفتہ 20 ستمبر 2014 16:37

گوجرانوالہ/لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر۔2014ء) جماعةالدعوة پاکستان کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت سرکار عالمی اداروں اور بیرون ممالک کے مسلمانوں کو مقبوضہ کشمیر میں سیلاب متاثرہ کشمیریوں کیلئے امدادی سامان بھجوانے کی اجازت نہیں دے رہی، ثابت ہو گیا کہ انڈیا کسی صورت کشمیریوں کو خوشحال نہیں دیکھنا چاہتا، بھارتی آبی جارحیت سے ہر سال لاکھوں ایکڑ پرکھڑی فصلیں برباد ہو رہی ہیں، انڈیا سے یکطرفہ دوستی کا نتیجہ پاکستان کو سیلابوں کی صورت میں بھگتنا پڑرہا ہے۔

وہ مرکز اقصیٰ گوجرانوالہ میں جماعةالدعوة کے زیر اہتما م کارکنان کی ایک بڑی تربیتی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر شہر اور اس کے گردونواح سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

نشست کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ ہر شخص کو مکمل جامہ تلاشی کے بعد پنڈال میں جانے کی اجازت دی گئی۔ تربیتی نشست سے جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما حافظ عبدالسلام بن محمد، حافظ عبدالغفار المدنی، مولانا سیف اللہ خالد، مولاناعبدالمالک بھنڈر، مولانا محمد رمضان منظور و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ جماعةالدعوةکے رضاکار کشتیوں میں بیس بیس کلومٹیر تک کا سفر کر کے ان علاقوں میں متاثرین کی مدد کیلئے پہنچے جہاں کوئی نہیں جا سکا۔ پاکستانی قوم نے ہمیشہ قدرتی آفات میں مصیبت میں مبتلا افراد کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے لیکن اس سال ملک میں سیاسی افراتفری کی وجہ سے لوگوں میں یہ رجحان کم دیکھنے میں آرہا ہے ۔

ہر شخص کو چاہیے کہ وہ مصیبت زدہ بھائیوں کیلئے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے۔ یہ بات درست ہے کہ ہم سیلابوں کو نہیں روک سکتے لیکن اچھے اعمال کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کو راضی کر یں گے تو وہ ضرور ان آفات اور مصائب کو ہم سے دور کر دے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان سخت مشکلات سے دوچار ہے۔ میں نے خود سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاکر لوگوں کی حالت زار دیکھی ہے۔

لوگ سیلاب سے مر رہے ہیں۔ ان کے پاس کھانے، پینے کیلئے کچھ نہیں بچا مگرافسوس کہ سیاستدان باہمی لڑائی جھگڑوں میں مصروف ہیں۔انہیں چاہیے کہ وہ ذاتی مفادات کی خاطرملکی سلامتی و خودمختاری کو نقصانات سے دوچار نہ کریں۔ یہ باتیں اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انڈیا پاکستانی دریاؤں پر متنازعہ ڈیموں کی تعمیر جاری رکھے ہوئے ہے۔

وہ ہمارے پانیوں سے بجلی پیدا کر رہا ہے اور پاکستان بدترین بجلی کے بحرانوں سے دوچار ہے۔ حکومت کی جانب سے آئے دن لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کی تسلیاں دی جاتی ہیں مگر ہم صاف طور پر کہتے ہیں کہ پاکستانی دریاؤں پر سے بھارتی قبضہ چھڑائے بغیر بجلی کے بحران اور سیلابوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ممکن نہیں ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ پاکستان میں آنے والی ہر حکومت امریکہ کو خوش کرنے کیلئے بھارت سے دوستی پروان چڑھانے کی کوشش کرتی ہے لیکن یہ بات بھی ہمیں مدنظر رکھنی چاہیے کہ جس طرح امریکہ سے دوستی کے نتیجہ میں ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، ڈرون حملے اور پھر اس کے نتیجہ میں خودکش حملوں کا سلسلہ آگے بڑھا اسی طرح بھارت سے یکطرفہ دوستی کے نتیجہ میں ہمیں بھارتی آبی دہشت گردی اور سیلابوں کا سامنا کرنا پڑتاہے۔

انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ اور نارووال سے شروع ہو نے والا سیلاب اب سندھ میں داخل ہو چکا ہے۔بھارت کی طرف سے پہلے ڈیموں میں پانی جمع کیاجاتا رہا اور پھر شدید بارشوں کے موسم میں اچانک دریائے چناب میں بہت بڑی مقدار میں پانی مسلسل اس انداز میں چھوڑا گیاکہ سیلاب دن بدن خطرناک صورت اختیار کرتا چلا گیا اور پنجاب میں چاول اور کپاس جیسی فصلیں جن کا پاکستان کی زراعت و معیشت کا بہت زیادہ انحصار ہے وہ زبردست تباہی سے دوچار ہو گئیں۔

جماعةالدعوة اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے تمام متاثرہ علاقوں میں ریلیف و ریسکیو آپریشن کے بعد تعمیر و بحالی کے عمل میں حصہ لے رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ جن علاقوں میں پانی اتر چکا ہے وہاں خشک راشن کی تقسیم اور جزوی طور پر تباہ شدہ گھروں کی مرمت کیلئے نقد رقوم بھی تقسیم کی گئی ہیں۔ اسی طرح جن لوگوں کے گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔ جماعةالدعوة ان شاء اللہ ان کے گھروں کی تعمیر کیلئے بھی ہر ممکن کوششیں کرے گی اور اس سلسلہ میں رضاکاروں نے بعض علاقوں میں سروے بھی مکمل کر لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :