نئی دہلی: کپڑوں کی نمائش میں پاکستانی تاجر لٹ گئے

ہفتہ 20 ستمبر 2014 14:48

نئی دہلی: کپڑوں کی نمائش میں پاکستانی تاجر لٹ گئے

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر 2014ء) پراگتی میدان میں جاری ’عالیشان پاکستان‘ کے عنوان سے تجارتی نمائش میں چور پاکستانی اسٹالز سے قیمتی ڈیزائنر کپڑے چرانے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق نمائش میں حصہ لینے والے پاکستانی تاجروں نے 14 ستمبر کو نمائش کے آخری دن اپنے لائے ہوئے کپڑوں کی چوری کی تین ایف آئی آر درج کرائی ہیں۔

ان تینوں کیسز میں، شاہدرہ کی رہائشی ایک خاتون اور تریلوک پوری کے رہنے والے ایک مرد اور عورت کو تاجروں نے چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا۔پہلے کیس میں لاہور کے تاجر کے مطابق ایک عورت تقریباً چار بجے کے قریب ان کے اسٹالز نمبر 8 اور 9 پر آئی، اور چھ عدد قیمتی لباس چرا لیے۔ عورت جس کا نام سپنا بتایا جاتا ہے، کو لوگوں نے رنگے ہاتھوں پکڑا، اور پھر پولیس کے حوالے کر دیا۔

(جاری ہے)

14 ستمبر کو ہی کراچی کے ایک تاجر کی جانب سے شکایت درج کرائی گئی، کہ ایک عورت نے اس کے اسٹال سے کپڑے خریدے، لیکن پیسے دیے بغیر چلی گئی۔ اس عورت کو بھی نمائش کے مقام سے ہی دوسرے اسٹال مالکان نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

پولیس کے مطابق خاتون کا نام نرمل کور ہے، اور وہ شاہدرہ کی رہنے والی ہے۔

پولیس نے نرمل کور کی ملکیت سے کئی برانڈز کے مہنگے کپڑے برآمد کیے۔

خاتون کے مطابق اسے یاد نہیں کہ اس نے کپڑے کہاں کہاں سے چرائے ہیں۔

اسی اسٹال سے کچھ دیر بعد ایک اور چوری کی اطلاع موصول ہوئی۔ ایک شخص کی ملکیت سے مختلف پاکستانی برانڈز کے کئی کپڑے برآمد ہوئے، لیکن تاجروں کی جانب سے پوچھ گچھ پر وہ خریداری کے بل دکھانے میں ناکام رہا۔ تھوڑی دیر بعد اس نے قبول کیا کہ کپڑے اس نے چرائے تھے۔ اس شخص کی شناخت شاہدرہ کے رہائشی وکاس کے نام سے ہوئی ہے۔

نئی دہلی کے ایڈیشنل کمشنر پولیس، ایس بی ایس تیاگی کے مطابق پولیس کو انڈین ٹریڈ پروموشن آرگنائیزیشن کی جانب سے چوری کے واقعات کے بارے میں کوئی شکایت نہیں ملی ہے۔

تاہم ایک سینیئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایسی نمائشوں میں ہزاروں لوگ اسٹالز پر آتے ہیں، اس لیے اسٹال مالکان کو اپنے سامان کی حفاظت خود کرنی چاہیے، تاکہ کوئی بھی چور ہجوم کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔

عالیشان پاکستان نمائش کی آرگنائیزر اور فیشن پاکستان کی چیئرپرسن صنم چوہدری کے مطابق انہیں ان ایف آئی آرز کے بارے میں علم نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ "نمائش میں ایک اسٹال میرا بھی تھا، اور سیکیورٹی اچھی تھی، لیکن اس کو مزید سخت کیا جاسکتا تھا، میں صرف اتنا جانتی ہوں کہ FNKAsia کی ڈیزائنر ہما عدنان کی کچھ جیولری گم ہوئی ہے"۔

کراچی کے ڈیزائنر لیبل FNKAsia کی ہما عدنان نے اس بات کی تصدیق کی کہ انہیں نمائش میں نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک سیاہ رنگ کی پائل، جس کی قیمت پندرہ ہزار روپے تھی، نمائش کے دوسرے دن غائب ہوگئی۔

انہوں نے کہا "میں ایف آئی آر درج کروانا چاہتی تھی، لیکن پھر میں نے نہیں کرائی"۔

ہما عدنان کی کلیکشن کو بہت پذیرائی حاصل ہوئی، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلی دفعہ انتظامات مزید بہتر ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :