محکمہ داخلہ حکومت سندھ کی طرف سے پاکستان تحریک انصاف کے کراچی میں جلسہ کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل، پی ٹی آئی قیادت نے اپنا سکیورٹی پلان بھی انتظامیہ کے سپرد کردیا، انتظامیہ اور پی ٹی آئی مجموعی طور پر سکیورٹی انتظامات سے مطمئن

ہفتہ 20 ستمبر 2014 13:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر۔2014ء) محکمہ داخلہ حکومت سندھ کی طرف سے پاکستان تحریک انصاف کے کراچی میں جلسہ کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل، پی ٹی آئی قیادت نے اپنا سکیورٹی پلان بھی انتظامیہ کے سپرد کردیا، انتظامیہ اور پی ٹی آئی مجموعی طور پر سکیورٹی انتظامات سے مطمئن، عمران خان کو جلسہ گاہ تک ذاتی محافظوں اور قریبی ساتھیوں کے جھرمٹ میں لا نے کا فیصلہ ، تحریک انصاف کے صوبائی صدر نادر اکمل لغاری، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی، صدر پی ٹی آئی کراچی ڈویژن انجینئر نجیب ہارون، سینئر رہنما سردار عبدالعزیز خان عمران خان کی سکیورٹی کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے، ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے پی ٹی آئی کوباغ مزار قائد میں جلسہ کی اجازت دینے کے بعد خصوصی سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا ہے تاہم سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ تحریک انصاف کراچی کی قیادت نے اپنے قائد عمران خان کو ان کے ذاتی محافظوں کے ساتھ ساتھ اہم رہنماوٴں کے جھرمٹ میں لانے کا فیصلہ کیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ نادر اکمل لغاری ڈاکٹر عارف علوی، سردار عبدالعزیز خان، نجیب ہارون سمیت دیگر اہم رہنما ذاتی طور پر سکیورٹی کی نگرانی کریں گے، ڈاکٹر عارف علوی اور سردار عبدالعزیز خان سٹیج پر موجود ہونگے اور سٹیج کی سکیورٹی ایسے محافظوں کے سپرد کی جائے گی جنہیں پی ٹی آئی رہنما شکل اور نام سے بھی جانتے ہونگے جبکہ پنڈال اور گردونواح کی نگرانی کیلئے خفیہ اہلکاروں سمیت پی ٹی آئی کراچی کی قیادت خود بھی موجود ہو گی، معلوم ہوا ہے کہ تحریک انصاف کراچی کی قیادت سکیورٹی کے حوالہ سے مطمئن ہے ادھر سیکرٹری داخلہ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایت کر رکھی ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور جلسہ میں شریک عوام کی حفاظت کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے جائیں۔