طالبان نے کمانڈر محمد حسن کی ہلاکت کی تصدیق کردی

ہفتہ 20 ستمبر 2014 13:14

طالبان نے کمانڈر محمد حسن کی ہلاکت کی تصدیق کردی

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر۔2014ء) کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے کابل سے تعلق رکھنے والے تحریک کے کمانڈر محمد حسن کی دو روز قبل شمالی وزیرستان میں بویا کے مقام پر پاکستانی فوج کیساتھ جھڑپ میں ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے ۔کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان شاہد اللہ شاہد کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق کمانڈر حسن کچھ عرصہ قبل افغانستان کی جیل سے رہائی پا کر دوبارہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان میں جہادی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔

تنظیم نے کہاکہ بویا میں پاکستانی فوج پر یہ حملہ مقامی طالبان، محسود مجاہدین اور تحریک طالبان کے اشتراک سے کیا گیا تھا جس میں اس کا دعوی ٰہے کہ سکیورٹی فورسز کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا گیا۔

(جاری ہے)

شاہد اللہ شاہد نے کہاکہ فورسز اور حکومت نے غیروں کی ایماء پر شمالی وزیرستان میں جس آپریشن ضرب عضب کا اعلان کیا تھا وہ مکمل طور پر ناکامی کا شکار ہو چکا ہے انھوں نے 900 ملکی و غیر ملکی شدت پسندوں کی ہلاکت اور ان کے کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کی مکمل تباہی، شمالی وزیرستان کے اکثر علاقے کلیئر کرنے، ملالہ حملے کے ذمہ داروں کی گرفتاری، کراچی سمیت مختلف مقامات پر پولیس اور رینجرز کے ساتھ مقابلے میں تحریک طالبان کے ساتھیوں کی ہلاکت کے بیانات کو مسترد کر دیا۔

کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان کے مطابق تمام سینٹرل کمانڈز مکمل طور پر محفوظ اور فعال ہے اور وہ اہم اہداف کو نہایت کامیابی سے نشانہ بنانے میں مصروف ہیں۔ملالہ حملے کے ذمہ دار وں کے نام پر جن لوگوں کی گرفتاری ظاہر کی گئی ہے کالعدم تحریک طالبان کا کہنا تھا کہ وہ ان میں سے کسی کو بھی اپنے رکن کی حیثیت سے نہیں جانتی ہے۔

متعلقہ عنوان :