حسن ابدال، اوور لوڈنگ کے باعث بجلی ٹرانسفارمر خراب ہونا معمول بن گیا،نظام درہم برہم، کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے

ہفتہ 20 ستمبر 2014 12:48

حسن ابدال( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر۔2014ء) حسن ابدال میں اوور لوڈنگ کے باعث بجلی کے ٹرانسفارمر خراب ہونا معمول بن گیا ۔ ایک ٹرانسفارمر پر کئی کئی محلوں کو سپلائی دینے سے بجلی کا نظام درھم برھم ۔بجلی کی بندش سے پینے کے پانی کی شدید قلت کئی محلے دودِن تک تاریکی میں ڈوبے رہے۔ دو دِن بعدبجلی بحال کی گئی۔سیاسی نمایندوں نے حسن ابدال کو نظر انداز کرنا شروع کردیا۔

شہر کی ترقی اور فلاح وبہبود کیلئے لاکھوں روپوں کے فنڈز ملنے کے دعویداروں کی مسائل سے چشم پوشی نے مکینوں کو دردناک اذیت سے دوچار کردیا ۔تفصیلات کے مطابق حسن ابدال میں عرصہ دراز سے نصب پرانے اور ناکارہ قسم کے ٹرانسفارمر پر کئی کئی محلوں کو سپلائی دینے کی وجہ سے بجلی کا نظام درھم برھم ہوچکا ہے ۔

(جاری ہے)

پرانے اور کم صلاحیت کے حامل اِن ٹرانسفارمرز پر گنجائش سے زیادہ لوڈ ڈالنے سے آئے روز ٹرانسفارمرز کی خرابی معمول بن چکی ہے ۔

واپڈا کمپلینٹ آفس کے پاس نصب بجلی کا ٹرانسفارمر جمعرات کے روز دِن دو بجے کے قریب گنجائش سے زیادہ لوڈ برداشت نہ کرسکا اور اُس میں آگ بھڑک اُٹھی جس کی وجہ سے ٹرانسفارمر خراب ہوگیا۔ٹرانسفارمر کی خرابی کے باعث محلہ روشن پورہ،جناح کالونی،محلہ سخی نگر،اِسلام شہید روڈ،خواجہ نگر سمیت کئی محلوں کی بجلی بند رہی۔واپڈا کی جانب سے اوورلوڈنگ کے باعث خراب ہونے والے ٹرانسفارمر کو مرمت کے لئے بھجوایا گیا یوں دو دِن تک کئی محلوں میں بجلی مکمل طور پر بند رہی ۔

بجلی کی طویل بندش سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس میں سب سے اہم مسل‘ہ پینے کے پانی کی قلت کا تھا۔خراب ٹرانسفارمر کی مرمت کے بعد جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب گیارہ بجے کے قریب طویل بندش کے بعد بجلی کی بحالی ممکن ہوسکی۔حسن ابدال کے سیاسی نمایندوں کی بے حسی اور شہر کے مسائل سے چشم پوشی نے علاقہ مکینوں کو دردناک اذیت میں مبتلا کردیا ہے ۔

ایک طرف تو شہر کی ترقی اور فلاح وبہبود کے لئے مسلم لیگ(ن) کے ایم پی اے محمد شاویز خان کی جانب سے حکومت کی جانب سے کروڑوں کے فنڈز ملنے کے دعوے کئے جارہے ہیں جبکہ دوسری جانب واپڈا کو شہر میں نئے ٹرانسفارمر نصب کرنے کے لئے فنڈز کی شدید کمی کا سامنا ہے جو مسلم لیگ(ن) کے ایم پی اے کے شہر کی ترقی اور فلاح وبہبودکے دعووں کی نفی ہے۔

متعلقہ عنوان :