سیاسی جرگے کی تجاویز ‘ وزیر اعظم نواز شریف کا حیرانگی کا اظہار

ہفتہ 20 ستمبر 2014 12:44

سیاسی جرگے کی تجاویز ‘ وزیر اعظم نواز شریف کا حیرانگی کا اظہار

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر۔2014ء) وزیراعظم نے پارلیمانی سربراہان کے اجلاس کے دوران سیاسی جرگے کی تجاویز کو حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ جرگے کو بات چیت کیلئے سہولت فراہم کرنے کی ذمہ داری نبھانا تھی ، بحران کے خاتمے کی تجاویز دینا نہیں۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ دو روز قبل ہونیوالے پارلیمانی جماعتوں کے سربراہی اجلاس میں وزیراعظم نے حکومت اور دھرنا دینی والی جماعتوں کے درمیان سیاسی تعطل دور کرنے کیلئے جرگے کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کو حیران کن قرار دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جرگے نے بات چیت کیلئے سہولت فراہم کرنے کی ذمہ داری نبھانا تھی بحران کے خاتمے کیلئے تجاویز دینا ان کی ذمہ داریوں میں شامل نہیں تھا۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ یہاں تک کہ اگر جرگہ ان تجاویز کو میڈیا میں پیش بھی کرنا چاہتا تھا تو کم از کم حکومت سے اس بارے میں بات تو کرتا تاہم رحمان ملک نے کہا تھا کہ یہ تجاویز تینوں اسٹیک ہولڈرز کو بھجوا دی گئی ہیں۔

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کی سربراہی میں قائم جرگے نے بار بار کہا ہے کہ وہ ایسے منصوبے پر کام کررہی ہے جس پر عملدرآمد کیا گیا تو تمام فریقین کو فاتح بننے کا موقع ملے گا۔وزیر اطلاعات پرویز رشید جو وزیراعظم کے ترجمان بھی ہیں کا کہنا ہے کہ جرگے کو تجاویز پیش کرنے کا ٹاسک نہیں دیا گیا تھاانہوں نے ایسا خود کیا ہے۔حکومت کی جانب سے جرگے کی تجاویز پر سامنے آنے والا ردعمل ظاہر کرتا ہے کہ وہ کسی تھرڈ پارٹی کو احتجاجی جماعتوں سے مذاکراتی معاہدے کیلئے کردار دینے کی خواہشمند نہیں۔

متعلقہ عنوان :