Live Updates

وفاقی حکومت کا وزیراعظم کے دورہ امریکہ سے قبل ریڈ زون کا علاقہ مظاہرین سے خالی کروانے کا فیصلہ،دونوں فریقین کو پہلے مذاکرات کے ذریعے راضی کرنے کی کوشش کی جائے گی، ناکامی کی صورت میں مظاہرین کیخلاف سخت ترین آپریشن کئے جانے کا امکان ،دفعہ 144نافذ کرنے کے بعد اسلام آباد سے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنان کو گرفتار کرکے راولپنڈی منتقل کئے جانے کا بھی انکشاف

جمعہ 19 ستمبر 2014 22:24

وفاقی حکومت کا وزیراعظم کے دورہ امریکہ سے قبل ریڈ زون کا علاقہ مظاہرین ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء) وفاقی حکومت نے وزیراعظم کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے روانگی سے پہلے ریڈ زون کا علاقہ مظاہرین سے خالی کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے تحت دونوں فریقین کو پہلے مذاکرات کے ذریعے راضی کرنے کی کوشش کی جائے گی اور ناکامی کی صورت میں مظاہرین کیخلاف سخت ترین آپریشن کئے جانے کا امکان ہے جس کے لئے وفاقی پولیس کو خصوصی قسم کے آلات ، سخت ترین آنسو گیس اور چار ہزار سے زائد اضافی ماسک فراہم کردیئے گئے ہیں جبکہ مظاہرین کیخلاف کارروائی کیلئے گزشتہ کئی روز سے تیاری میں مصروف عمل چار ہزار اہلکاروں کی سٹرائیکنگ فورس کو بھی حرکت میں لایا جائے گا ، دوسری جانب راولپنڈی میں دفعہ 144نافذ کرنے کے بعد اسلام آباد سے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنان کو گرفتار کرکے راولپنڈی منتقل کئے جانے کا بھی انکشاف ہواہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق حکومت نے ایک ماہ سے زائد عرصہ سے ریڈ زون میں موجود مظاہرین کو باہر نکالنے پر غور شروع کردیا ہے جس کے لئے مختلف آپشنز پر غور کیاجارہا ہے ۔ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے مذاکرات کو اب بھی پہلی ترجیح کے طور پر استعمال کرتے ہوئے دونوں فریقین کو مذاکرات کے ذریعے راضی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم مذاکرات کے ذریعے معاملات حل نہ ہونے کی صورت میں مظاہرین کیخلاف طاقت کا استعمال عمل میں لایا جائے گا ۔

ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد طاہر عالم خان اور آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے اس حوالے سے حکمت عملی ترتیب دے دی ہے جس کے تحت مظاہرین کیخلاف متوقع آپریشن میں عام نوعیت کے آنسو گیس کے شیل استعمال نہئں کئے جائینگے بلکہ اس مرتبہ اس مقصد کیلئے سخت ترین اور زائد المعیاد ایسی گیس استعمال کرنے پر غور کیا جارہا ہے جو قدر زیادہ خطرناک اور زہریلی ہے ۔

ذرائع کے مطابق آپریشن میں سو فیصد کامیابی کیلئے پولیس کو اضافی آلات بھی فراہم کردیئے گئے ہیں جس میں پہلے سے موجود ماسک کے علاوہ چار ہزار اضافی ماسک ، حفاظتی شیلڈز اور دیگر آلات شامل ہیں جبکہ ربڑ کی گولیاں بھی وافر مقدار میں زیادہ فراہم کردی گئی ہیں ۔ پولیس ذرائع نے اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء کو بتایا کہ گزشتہ پندرہ روز سے اسلام آباد میں خصوصی سٹرائیکنگ فورس کے چار ہزار کے لگ بھگ جوانوں کو بھی تربیت دی جارہی ہے جہاں ان کی تعداد کو تیرہ تیرہ سو کے تین گروپس اور تین تین سو کی تیرہ ٹولیوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں ربڑ کی گولیاں فائر کرنے والے ، آنسو گیس کے شیل فائر کرنے والے ، ڈنڈا بردار ، سمارٹ ، ایلیٹ ، سپیشل کمانڈوز اور دیگر گروپس شامل ہیں ۔

دوسری جانب راولپنڈی میں دفعہ 144کے نفاذ کا مقصد بھی کچھ اور نظر آرہا ہے جہاں ذرائع نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ اسلام آباد سے گرفتار کارکنوں کو راولپنڈی کے تھانوں میں منتقل کیا جارہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق یہ متوقع آپریشن صبح کے وقت کیا جائے گا تاکہ اس وقت مظاہرین کی کم تعداد سے فائدہ اٹھا کر سو فیصد کامیابی کو یقینی بنایا جاسکے تاہم پولیس کو اس متوقع آپریشن کیلئے بھی کسی قسم کا اسلحہ فراہم نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات