وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس،چنیوٹ ،رجوعہ خام لوہے کے ذخائر کی تلاش کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ،

خام لوہے کے ذخائر کو استعمال میں لانے کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے،معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی،روزگار کے مواقع پیداہونگے

جمعہ 19 ستمبر 2014 22:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت آج یہاں اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔جس میں چنیوٹ،رجوعہ میں خام لوہے کے ذخائرکی تلاش کے منصوبے پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔وزیراعلیٰ کو اجلاس میں چنیوٹ ،رجوعہ میں خام لوہے کے ذخائر کو استعمال میں لانے،ذخائر کا تخمینہ لگانے اور دیگر معدنی ذخائر کی موجودگی کے حوالے سے منصوبے پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

جرمنی کی معروف کمپنی جی ای او ایس کے ریذیڈنٹ کنسلٹنٹ ڈاکٹر جرجن ہرتش نے بریفنگ دی۔میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنہ کے ڈاکٹر لیو شوژیانگ، پنجاب منرل کمپنی کے چےئرمین ڈاکٹر ثمرمبارک مند،سیکرٹری معدنیات پنجاب ڈاکٹر ارشد محمود اورپراجیکٹ مینجر پنجاب منرل کمپنی شہزاد رفیع بھی اس موقع پر موجو دتھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چنیوٹ ،رجوعہ میں خام لوہے کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔

ان ذخائر کو استعمال میں لاکر قومی معیشت کو مضبوط کیا جاسکتاہے ۔خام لوہے کے ذخائر کو استعمال میں لانے کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔منصوبے سے نا صرف معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے منصوبے پر کام کی رفتار پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے کی اہمیت کے پیش نظر اس پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیاکہ شیڈول کے مطابق میگنیٹک سروے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ اگلے مرحلے کیلئے شیڈول سے تین ماہ قبل ہی ڈرلنگ رگزکے ذریعے کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔