سیلاب متاثرین کو بہت جلد نقد مالی امداد کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا جائیگا‘ محمد شہبازشریف،

شفاف نظام کے ذریعے متاثرین کو عید سے قبل مالی امداد کی تقسیم کا عمل ہر صورت مکمل کیاجائے گا

جمعہ 19 ستمبر 2014 22:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ سیلاب متاثرین کو بہت جلد نقد مالی امداد کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا جائے گا ،متاثرین کو عید سے قبل مالی امداد کی تقسیم کا عمل ہر صورت مکمل کیاجائے گا-سیلاب زدگان میں مالی امداد کی تقسیم کئے یونین کونسل کی سطح پر سینٹرز قائم کئے جائیں گے۔ یہ بات انہو ں نے جمعہ کے روز یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں سیلاب متاثرین کو نقد مالی امداد دینے کے میکنز م کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیونے سیلاب زدگا ن کو نقد مالی امداد تقسیم کرنے کے میکنزم کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمن، کرنل( ر) شجاع خانزادہ، بلال یاسین،مشیر خواجہ سلمان رفیق، اراکین اسمبلی زعیم حسین قادری ، عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری ،چیئرمین نادرا، بینک آف پنجاب کے صدر، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو شفاف طریقے سے مالی امداد کی تقسیم کا نظام وضع کیا جا رہا ہے۔ انہو ں نے کہاکہ کوئی بھی متاثرہ خاندان مالی امداد سے محروم نہیں رہے گا۔حقداروں کو ہر صورت ان کا حق دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مالی امداد کی تقسیم کے حوالے سے کسی بھی شکایت کے ازالہ کیلئے جامع اور تیز رفتار نظام وضع کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ مالی امداد کی تقسیم کے بارے میں اگر کوئی شکایت آئی تو 24گھنٹے کے اندر ہر قیمت پراس کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ متاثرہ اضلاع میں لوگوں کی آگاہی کے لئے جامع نظام وضع کیا گیاہے ۔متاثرین سیلاب کو مالی امداد کی ادائیگی کے عمل کی نگرانی انتہائی قابل ،محنتی اور ایماندار شخصیات پر مشتمل کمیٹیاں کریں گی۔

متعلقہ عنوان :