ظلم و دھاندلی کیخلاف دھرنے نے نئی تاریخ لکھ دی، شہداء کا خون جیت رہا ہے‘ چوہدری پرویزالٰہی ،پاک فوج کیخلاف شرمناک حکومتی مہم ،غریبوں کو سیلاب میں ڈبونے کے باوجود ”گونواز، گوشہبازگو“ کے نعرے ہر جگہ ان کا پیچھا کرتے ہیں

جمعہ 19 ستمبر 2014 21:53

ظلم و دھاندلی کیخلاف دھرنے نے نئی تاریخ لکھ دی، شہداء کا خون جیت رہا ..

اسلام آباد/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء ) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ طویل ترین دھرنے میں شریک ہماری بہنوں، بیٹیوں، بزرگوں، بھائیوں اور بیٹوں نے اپنی جرأت و ہمت اور ثابت قدمی سے پاکستان میں ظلم و ناانصافی اور دھاندلی کے خلاف نئی تاریخ لکھ دی ہے، پوری قوم آپ کیلئے دعا گو ہے، شہیدوں کا خون جیت رہا ہے اور جعلی و قاتل حکومت کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں۔

وہ ڈاکٹر طاہرالقادری، علامہ ناصر عباس، چودھری ظہیرالدین، احمد یار ہراج اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ دھرنے کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی وجہ سے حکمرانوں کی گردن کا سریا ٹیڑھا ہو چکا ہے، جلد یہ سریا نکل جائے گا اور وہ انشاء اللہ فرش پر ہوں گے، غریب عوام کو ڈبو کر اور پاک فوج کے خلاف حکومتی سرپرستی میں برا بھلا کہنے کی شرمناک مہم سے بھی یہ دھرنے ختم نہیں کرا سکے بلکہ ہر جگہ گونوازگو اور گوشہبازگو کے نعرے ہر جگہ ان کا پیچھا کرتے اور انہیں بھاگنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خادم اعلیٰ کے دعویدار نے معصوم و بے گناہ شہریوں پر اندھادھند فائرنگ کروا کر اور غریبوں کو سیلاب میں ڈبو کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ قاتل اعلیٰ ہے، عوام ڈوب جائیں یا مارے جائیں دھاندلی کی پیداوار حکمرانوں کو عوام اور اس ملک سے کوئی ہمدردی نہیں، دھرنے کے شرکاء نے آج 36 روز تک ان کے ہر حربے کو اللہ تعالیٰ کی مدد سے ناکام بنا کر ان کا غرور اور تکبر خاک میں ملا دیا ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ یہ حکمران عوام کی توجہ اپنی غلط کاریوں اور مسائل سے ہٹانے کیلئے جو بھی کرتے ہیں وہ الٹا ان کے گلے پڑ جاتا ہے جیسا کہ راولپنڈی میں محرم کی خونریزی میں اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے کیلئے جنرل پرویزمشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کا سہارا لیا اور اب سیلاب کی پیشگی اطلاع کے باوجود عوام کو بچانے کیلئے کچھ نہیں کیا تاکہ دھرنوں سے عوام کی توجہ ہٹ جائے لیکن اب وہ جہاں بھی جاتے ہیں متاثرین کے مخالفانہ نعرے ہیں ان نعروں سے بچنے کیلئے یہ کہاں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نہ صرف ہماری جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ سیلاب، زلزلہ سمیت ہر آفت میں عوام کو بچانے کیلئے سب سے پہلے پہنچتی ہے جیسا کہ زلزلہ اور سیلاب میں بھی ہمارے فوجیوں اور ہمارے دور کی قائم کردہ 1122 نے ریسکیو کا سب سے زیادہ کام کیا لیکن انہوں نے نہ صرف باہر بلکہ پارلیمنٹ میں سب سے زیادہ الزام تراشی اسی پاک فوج پر کی اور سے برا بھلا کہا جو وطن دشمنی ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ دھرنے والوں کا جذبہ ان کی سوچ سے کہیں زیادہ ہے، آپ لوگ انقلاب کیلئے عظیم قربانی دے رہے ہیں، ثابت قدمی سے تھوڑے دنوں میں مرکز اور صوبہ میں ان کی حکومتیں گرنے والی ہیں، یہ آپ کی جرأت اور قربانی کا نتیجہ ہے کہ وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور ان کے وزراء کے خلاف قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کے مقدمات قائم ہو رہے ہیں، یہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کا راستہ بھول چکے تھے اب ارکان کے پیچھے پیچھے پھر رہے ہیں، سب تبدیلی آپ کی وجہ سے ہے۔

متعلقہ عنوان :