پڑھے لکھے اور اعلی تعلیم یافتہ افراد کی ملک کو ضرورت۔ حکومت پنجاب نے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف اور شعبہ تعلیم سے وابستہ بیرون ملک مقیم سرکاری ملازمین کی بیرون ملک رخصت میں توسیع پر پابندی عائد کر دی

جمعہ 19 ستمبر 2014 20:49

پڑھے لکھے اور اعلی تعلیم یافتہ افراد کی ملک کو ضرورت۔ حکومت پنجاب نے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء) پڑھے لکھے اور اعلی تعلیم یافتہ افراد کی ملک کو ضرورت۔حکومت پنجاب نے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف اور شعبہ تعلیم سے وابستہ بیرون ملک مقیم سرکاری ملازمین کی بیرون ملک رخصت میں توسیع پر پابندی عائد کر دی۔محکمہ کے ذمہ داروں کوبیرون ملک رخصت دینے یا اس میں کسی بھی قسم کی توسیع کرنے سے قبل پیشگی منظوری ایوان وزیر اعلی سے حاصل کرنے کی ہدایات جاری۔

پابندی کا اطلاق صوبائی، ضلعی، خود مختار اداروں، اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹس پر بھی یکساں طور پر ہو گا۔معتبر اور مصدقہ ذرائع کے مطابق حالیہ سیلاب کے سبب ہونے والی ایک بڑے پیمانے پر تباہی اور اس کے نتیجے میں پھیلنے والی بیماریوں سے نبر د آزما عوام کو ”ڈور ٹو ڈور“ جا کر علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے وزیر اعلی پنجا ب میاں شہباز شریف نے محکمہ صحت سے صوبہ بھر کے ڈاکٹرز کی فہرستیں مرتب کرنے کی ہدایت کی،مذکورہ فہرستیں مرتب ہونے کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ سینکڑوں کی تعداد میں محکمہ صحت کے ڈاکٹرز عرصہ 3سال ، 4سال،6سال،اور9سال سے بیرون ملک رخصت پر ہیں، ان میں سے ایک بڑی تعداد میں ایسے ڈاکٹرز بھی موجود ہیں جو ہر دور میں کسی نہ کسی حوالے سے سیا سی اثر رسوخ کی بناء پر محکمہ صحت کی پالیسیوں سے بالا تر رہتے ہوئے بیرون ملک مقیم ہیں اور ڈالروں، پاؤنڈز میں نہ صرف تنخواہیں وسول کر رہے ہیں بلکہ محکمہ صحت حکومت پنجاب کی جان بھی چھوڑنے کو تیار نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے خلاف جب کبھی بھی محکمہ نے کارروائی کرنے کی کوشش کی تو اس میں با اثر افراد رکاوٹ بن گئے جبکہ ان میں متعدد ایسے بھی ہیں جن کی محکمہ میں ایک سے زائد فائلیں موجود ہیں اور ان کی اصل فائل سرے سے موجود ہی نہیں، محکمہ صحت میں جو پارٹ فائلیں موجود ہیں وہ بھی کسی نہ کسی طور پر بیرون ملک رخصت کے حصول کے لئے محکمہ کے ملازمین نے بنا رکھی ہیں۔

جبکہ یہ صورتحال دیگر محکموں کی بھی ہے ۔ ماضی بعید اور ماضی قریب میں متعدد اعلی تعلیم یافتہ اساتذہ بیرون ملک گئے اور واپس نہیں آ ئے جس کے نتیجے میں وہ بیرون ملک سے بھاری آمدن حاصل کر رہے ہیں اور وطن واپس آنے کو تیار نہیں ہیں۔ذرائع نے بتا یا کہ محکمہ صحت، محکمہ تعلیم سمیت دیگر سرکاری محکموں کی حالت زار سامنے آنے اور صوبائی سطح پربیرون ملک رخصت کے حوالے سے کسی بھی طور پر حکومت پنجاب کی پالیسی پر عمل درآمد نہ ہونے کا ایوان وزیر اعلی نے سخت نوٹس لے لیا۔

اور اس ضمن میں چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ کو ہدایت کی ہے کہ ایسے ڈاکٹرز ، پروفیسرز، اساتذہ و دیگر بشمول انجینئیرزجو عرصہ دراز سے نہ صرف بیرون ملک موجود ہیں بلکہان کی رخصت ختم ہو چکی ہیں ان میں سے کسی ایک کی بھی رخصت میں توسیع نہ کی جائے۔ذرائع نے بتا یا کہ ایوان وزیر اعلی کی جانب سے سیکرٹری صحت پر واضح کیا گیا ہے کہ بیرون ملک موجودڈاکٹرز، اساتذہ، کو وطن واپس بلا کرانہیں صوبہ بھر میں موجود خالی آسامیوں پر تعینات کیا جائے ۔

جبکہ اضلاع، تحصیل ، دیہات کی سطح پر موجود تعلیمی مراکز، بنیادی مراکز صحت، تحصیل ہیڈ کوارٹرز، ضلعی ہیڈا کوارٹرز کے ساتھ ساتھ صوبہ بھر کے بڑے ہسپتالوں میں موجود خالی آسامیوں پر بیرون ملک سے آنے والوں کی تعیناتی یقینی بنایا جائے تاکہ وہ حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :