ڈیفنس کلفٹن ریذیڈنسی سوسائٹی کمیٹی،کونسل آف پروفیشنل اور سول سوسائٹی کا تحریک انصاف کے رہنماؤں کے بیانات کیخلاف(آج) تین تلوار پر احتجاج کا اعلان

جمعہ 19 ستمبر 2014 20:24

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء) ڈیفنس کلفٹن ریذیڈنسی سوسائٹی کمیٹی،کونسل آف پروفیشنل اور سول سوسائٹی کے ممبر اور سابق رکن قومی اسمبلی خوش بخت شجاعت نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کے بیانات کے خلاف آج ( ہفتہ کو)کلفٹن تین تلوار پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ جو عناصر سندھ میں نئے صوبے نہیں چاہتے ہیں وہ کراچی اور مہاجر دشمنی کر رہے ہیں ۔

وہ جمعہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں ۔ان کے ہمراہ طحہٰ احمدخان اور اخلاق عابدی سمیت دیگر بھی موجودتھے ۔خوش بخت شجاعت نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں ڈاکٹر عارف علوی اور نادر لغاری کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک میں نئے صوبے بننے چاہیے لیکن سندھ کو تقسیم نہ کیا جائے ان کے اس بیان سے ثابت ہو تا ہے کہ وہ کراچی اور مہاجر دشمنی کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ نئے صوبوں سے ملک مزید مستحکم ہو گا ۔ کراچی تمام شہروں کو پالنے والا شہر ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے ساتھ ساتھ سندھ میں بھی نئے صوبے بنائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک نئے صوبے بنا کر ملک کی ترقی کر تے ہیں ۔پاکستان میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بننے چاہیے سندھ میں نئے صوبے بننے سے سندھ تقسیم نہیں ہو گا بلکہ مزید مستحکم ہو جائے گا۔تحریک انصاف کے رہنماؤں کے بیانات سے شہری اور دیہی تفریق پیدا کی جارہی ہے ہم اس کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور آج( ہفتہ ) کو کلفٹن تین تلوار پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔