پیپلز پارٹی کیخلاف دھاندلی ہوئی، 18 اکتوبر کو بتائیں گے: بلاول بھٹو

جمعہ 19 ستمبر 2014 20:18

پیپلز پارٹی کیخلاف دھاندلی ہوئی، 18 اکتوبر کو بتائیں گے: بلاول بھٹو

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 18 اکتوبر کو دکھائیں گے کہ 2013ء کے انتخابات میں کراچی سے خیبر پختونخوا تک پیپلز پارٹی کیساتھ کس طرح دھاندلی ہوئی۔ملتان میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کے بعد اپنے پُرجوش خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج اسلام آباد میں سچ کو جھوٹ میں ڈبونے کی سازش کی جا رہی ہے۔

آج پنجاب ڈوب رہا ہے اور اسلام آباد میں بیٹھے کچھ عناصر پاکستان کو ڈبونا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

18 اکتوبر کو دکھائیں گے کہ 2013ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کیساتھ کس طرح دھاندلی کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ ایک قوم بننے کا ہے۔ دھرنا دینے والے سیلاب متاثرین کی خاطر اپنے دھرنے ختم کر دیں۔ اپیل کرتا ہوں کہ کچھ وقت کیلئے اختلافات کو بھول کر سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے آگے بڑھا جائے۔ امید ہے کہ حکومت بھی سیلاب متاثرین کی مدد کریگی۔ بلاول بھٹو نے اس موقع پر مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں، مرسوں مرسوں پنجاب نہ ڈیسوں اور محترمہ بینظیر بھٹو کے حق میں نعرہ بازی کی۔