ایک وقت آئیگا جب ہم ملکر نعرہ لگائیں گے مرسوں مرسوں پنجاب نہ ڈیسوں ‘ بلاول بھٹو ،

دورہ پنجاب سیلاب زدگان کی مدد کیلئے تھا ،آئندہ پنجاب کے دورے میں کارکنوں کے مسائل سنوں گا‘ چیئرمین پی پی

جمعہ 19 ستمبر 2014 19:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کو ایک مرتبہ پھر مضبوط بنائیں گے ،ایک وقت آئے گا جب ہم ملکر نعرہ لگائیں گے کہ مرسوں مرسوں پنجاب نہ ڈیسوں ، دورہ پنجاب سیلاب زدگان کی مدد کیلئے تھا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہاؤس میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو کے دوران کیا ۔

اس موقع پر پنجاب میں سیلاب سے ہونے والی تباہی اور متاثرین کی امداد کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ۔ جمعہ کے روز پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما وسابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف ، سابق وزیر اطلاعات و نشریات شیری رحمان ، جہانگیر بدر ، قمر زمان کائرہ ، پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو ، لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی ، راجہ ریاض ، امتیاز صفدر وڑائچ ، الطاف قریشی ، حاجی عزیز الرحمن چن ، نوید چوہدری ، تنویر اشرف کائرہ سمیت دیگر نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور پنجاب میں پارٹی کو مضبوط بنانے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میرا دورہ پنجاب سیلاب زدگان کے لئے تھا۔ پارٹی کے اراکین ، عہدیداران اور کارکن متاثرین کی بھرپورمدد کریں ۔آئندہ پنجاب کے دورے پر آؤں گا اور کارکنوں کے مسائل سنوں گا ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کو ایک بار پھر مضبوط بنائیں گے اور ایک وقت آئے گا جب ہم ملکر نعرہ لگائیں گے کہ مرسوں مرسوں پنجاب نہ ڈیسوں ۔ ملاقات سے قبل بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے پارٹی رہنماؤں کے اعزاز میں ناشتے کا بھی اہتمام کیا گیا ۔