میر مرتضیٰ بھٹو نے جلا وطنی کی سختیاں جھیلیں، ڈکٹیٹر سے کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے سے انکار کردیاتھا،آصف زرداری،

وقت کا پہیہ پلٹے گا ا،قاتل بے نقاب ہوں گے ،سابق صدکامیرمرتضیٰ بھٹوکی برسی پرپیغام

جمعہ 19 ستمبر 2014 18:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے بھٹو خاندان کے چشم و چراغ میر مرتضیٰ بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میر مرتضیٰ بھٹو نے جلا وطنی کی سختیاں جھیلیں، اپنی والدہ اور ہمشیرہ کو مشکلات میں دیکھا، اپنے والد اور بھائی کی شہادت کے صدمے برداشت کئے لیکن ڈکٹیٹر سے کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے سے انکار کر دیا۔

میرمرتضیٰ بھٹو کو نہایت پر اسرار انداز میں ان کے اپنے گھر کے نزدیک 20ستمبر 1996 کو شہید کر دیا گیا۔ جو پولیس افسر اس قتل کے مقدمہ کی تحقیقات کر رہا تھا اسے بھی پراسرار حالات میں قتل کر دیا گیا۔ میر مرتضیٰ بھٹو کا قتل ایک ایسا مذموم منصوبہ تھا جس کا مقصد ایک بھٹو کو قتل کرنا اور اس کے ساتھ ان کی ہمشیرہ محترمہ بینظیر بھٹو کی حکومت کو ختم کرنا تھا۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ ان کا ایمان ہے کہ کوئی بھی بات ہمیشہ خفیہ نہیں رہتی اور وقت کا پہیہ پلٹے گا اور میر مرتضیٰ بھٹو کے قاتل نہ صرف بے نقاب ہوں گے بلکہ انہیں سزا بھی ملے گی۔ میر مرتضیٰ بھٹو نے ایک بھرپور اور ڈکٹیٹرشپ کے خلاف جدوجہد سے پُر زندگی گزاری۔ انہوں نے میر مرتضیٰ بھٹو کی روح کے ایصال ثواب اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام پانے کی دعا کی۔سابق صدر نے ان کے ساتھ قتل ہونے والے دوسرے افراد کے لئے بھی دعائے مغفرت کی۔ انہوں نے میر مرتضیٰ بھٹو کے وارثوں کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی دعا بھی کی۔