محکمہ داخلہ حکومت سندھ نے تحریک انصاف کو نمائش چورنگی پر جلسہ کرنے کی اجازت دے دی

جمعہ 19 ستمبر 2014 18:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء) محکمہ داخلہ حکومت سندھ نے پاکستان تحریک انصاف کو کل (اتوار)نمائش چورنگی نزد مزار قائد اعظم پر عوامی جلسے کی اجازت دے دی ہے ۔محکمہ داخلہ کے میڈیا کوآرڈی نیٹر کے مطابق جمعہ کو پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر انجینئر نجیب ہارون کی جانب سے اتوار کو نمائش چورنگی پر جلسے کی اجازت کے لیے درخواست محکمہ داخلہ کو دی گئی تھی ۔

(جاری ہے)

جس کے بعد سیکرٹری داخلہ سندھ ڈاکٹرنیاز عباسی نے پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے کے احکامات جاری کردیئے ۔محکمہ داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اتوار کو نمائش چورنگی پر سہ پہر 4بجے جلسہ کرنے کی اجازت طلب کی گئی تھی ۔اس درخواست کا جائزہ لینے کے بعد ان کو اجازت نامہ جاری کردیا گیا ہے ۔سیکرٹری داخلہ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایت کی ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور جلسہ میں شریک عوام کی حفاظت کے لیے فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے جائیں ۔