پاکستان میں کرکٹ سب سے مقبول ترین کھیل ہے جو عوام میں ایک جنون کی حیثیت رکھتا ہے ،گورنر سندھ

جمعہ 19 ستمبر 2014 16:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ سب سے مقبول ترین کھیل ہے جو ہماری عوام میں ایک جنون کی حیثیت رکھتا ہے پاکستانی عوام اور کرکٹ گراؤنڈز ایک طویل عرصے سے عالمی ٹیموں کے منتظر ہیں اور غیرملکی ٹیموں کا یہاں نہ آنا کرکٹ کے کھیل اورشائقین کے ساتھ نا انصافی کے مترادف ہے ہم سب کی یہ مشترکہ ذمّے داری ہے کہ بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے حوالے سے پاکستان کا نہ صرف مثبت پہلو اجاگر کریں بلکہ دنیا کو یہ پیغام بھی دیں کہ پاکستان کھیلوں کے مقابلوں کیلئے محفوظ ملک ہے ان خیالات کا اطہار انہوں نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2015 کی ٹرافی کی گورنر ہاؤس میں رونمائی کی تقریب کے موقع پر کیااس موقع پر1992 ورلڈکپ فاتح ٹیم کے ہیرو جاوید میانداد، کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی، ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی انتخاب عالم،پی سی بی چےئرمین کے ایڈوائزر( ساؤتھ) صلاح الدین صلّو، سیکریٹری اسپورٹس سندھ لئیق احمد، پی سی بی کے جنرل مینیجر میڈیا آغا اکبر،کے سی سی اے کے صدر پروفیسر اعجاز فاروقی،مینیجر نیشنل اسٹیڈیم ارشد خان،فوکل پرسن آصف عظیم و دیگر شخصیات بھی موجود تھیں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ کرکٹ ورلڈ کپ2015 کی ٹرافی پاکستان میں آنے سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کھیلوں کے ایونٹس میں فتوحات پاکستانی قوم کیلئے خوشگوار لمحات ثابت ہوتے ہیں ہم سب کی دلی خواہش ہے کہ پاکستانی ٹیم جیت کے جذبے سے سرشار ہو کر قوم کیلئے ورلڈ کپ جیتے گورنر سندھ نے مزید کہا کہ کھیلوں کی دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کیلئے ملک میں کھیلوں کے انفراسڑکچر کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کھیل کے میدانوں کو زیادہ سے زیادہ آباد کیاجائے تاکہ نوجوان مثبت سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ حصّہ لیں سکیں ۔