کراچی، باغ کورنگی شاہ فیصل برج پر فوری طور پر پولیس چوکی قائم کی جائے ، محمد اسلام

جمعہ 19 ستمبر 2014 16:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء) جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے امیر محمد اسلام نے شاہ فیصل برج باغ کورنگی پر رات گئے مسلح افراد کی جانب سے کورنگی آنے جانے والے افراد کو لوٹے جانے کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ شرافی گوٹھ تھانے کی حدود میں شاہ فیصل برج لوٹ مار کرنے والوں کی آماجگاہ بن گیا ہے۔ رات گئے شادی بیاہ ودیگر تقریبات سے واپس آنے والے فیملی کے افراد کو مسلح افراد لوٹ لیتے ہیں اور روزانہ متعدد وارداتیں ہورہی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ علاقہ پولیس ان واداتوں کی بیج کنی کے بجائے اپنی لوٹ مار میں لگی ہوئی ہے۔ شاہ فیصل برج پر پولیس چوکی قائم کرنے کے باوجود پولیس اہلکار وہاں تعینات نہیں ہیں۔ جس کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر باآسانی لوٹ مار میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

شاہ فیصل برج کی اسٹریٹ لائٹس عرصہ دراز سے خراب ہے۔ اور پورا علاقہ تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی کراچی فوری طور پر شاہ فیصل برج پر ڈکیتی اور لوٹ مار کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کا نوٹس لیں اور شاہ فیصل برج پر قائم پولیس چوکی پر پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں۔

اور رات 10 بجے کے بعد سے باغ کورنگی سے شاہ فیصل تک پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں درجنوں افراد کو لوٹا گیا مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ لوگ پولیس کی نااہلی سے مایوسی کا شکار ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ شرافی گوٹھ تھانہ فوری طور پر جرائم پیشہ اور لوٹ مار کرنے والے دس رکنی گروہ کو گرفتار کرے۔ دس رکنی گروہ نے کورنگی لانڈھی کی عوام کا جینا دوبھر کیا ہے۔ شاہ فیصل برج کورنگی لانڈھی کی عوام کی سہولت کیلئے بنایا گیا تھا لیکن عدم تحفظ اور ڈاکووٴں کی لوٹ مار کی وجہ سے لوگوں کا شاہ فیصل برج پر سفر مشکل ہوگیا ہے۔ مسلح افراد شادی کی تقریب سے آنے والی خواتین کے زیورات اتار لیتے ہیں اور موبائل اور نقدی کی لوٹ مار کی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :