وزیر اعلیٰ پنجاب کی پی پی 162شیخوپورہ کی انتخابی مہم میں مداخلت کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

جمعہ 19 ستمبر 2014 14:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 162شیخوپورہ کی انتخابی مہم میں مداخلت کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ۔جمعہ کے روز حلقہ پی پی 162 شیخوپورہ سے آزاد امیدوار عثمان نثار پنوں کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیدوار رانا تنویر حسین اور ایم این اے رانا افضل کو بھی فریق بنایا گیا ۔

درخواست میں موقف ایم پی اے خرم گلفام کی وفات کے بعد صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 162شیخورہ کی نشست خالی ہے ، الیکشن کمیشن نے مذکورہ نشست پر 22ستمبر کو انتخابات کروانے کا اعلان کیا تھا جہاں سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حسن ریاض ہیں ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اپنے امیدوار کو جتوانے کے لئے 10کروڑ کے ترقیاتی فنڈ جاری کر دیئے ہیں جبکہ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین اور ایم این اے رانا افضل بھی انتخابی مہم پر اثر انداز ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پرانے شیڈول کے مطابق ہی انتخابات کروائے جائیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب ، وفاقی وزراء کے حلقہ پی پی 162کی انتخابی مہم میں مداخلت کو روکا جائے اور ان کے دوروں پر بھی پابندی عائد کی جائے ۔ درخواست گزار نے یہ بھی استدعا کی کہ ایم این اے رانا افضل کے انتخابی مہم پر اثر انداز ہونے پر ان کو نا اہل قرار دیا جائے ۔