Live Updates

شریف خاندان ایک پائی کا بھی ڈیفالٹر ،سیاسی بنیادوں پر قرضے معاف کرانا ثابت ہو جائے تو تمام کاروبار بند کر دوں گا‘ سلمان شہباز کا چیلنج،عمران خان 7ار ب کا پاور پلانٹ لگانے کی بات کرتے ہیں ،اللہ تعالیٰ توفیق دے تو میں پاکستان میں700ارب کے پاور پلانٹس لگاؤں گا

جمعرات 18 ستمبر 2014 22:12

شریف خاندان ایک پائی کا بھی ڈیفالٹر ،سیاسی بنیادوں پر قرضے معاف کرانا ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر 2014ء) شریف فیملی کے ترجمان سلمان شہباز نے کہاہے کہ اگر ہمارا خاندان ایک پائی کا بھی ڈیفالٹر ہو یا سیاسی بنیادوں پر قرضے معاف کرانا ثابت ہو جائے تو میں آج سے اپنا تمام کاروبار بند کر دوں گا ،عمران خان 7ار ب کا پاور پلانٹ لگانے کی بات کرتے ہیں اگر اللہ تعالیٰ مجھے توفیق دے تو میں پاکستان میں700ارب کے پاور پلانٹس لگاؤں گا ، شریف فیملی 1930سے پاکستان میں کاروبار کر رہی ہے ایک رائیونڈ تو کیاشاید اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایسے دس رائیونڈ کی توفیق دی ہو،عمران خان کے پاس الزامات کے سوا کوئی ایجنڈا نہیں اور اب تو انکی اپنی پارٹی کے لوگ پریشان اور بیمار ہو گئے ہیں اور لگتا ہے عمران خان کی بند گلی میں داخل ہونیوالی سیاست کے لئے ریسکیو مشن بھجوانا پڑے گا۔

(جاری ہے)

ایک انٹر ویو میں سلمان شہباز نے کہا کہ عمران خان کا تیس سے چونتیس روز کا ایجنڈا سب کے سامنے ہے جس میں انہوں نے صرف شریف فیملی پر الزامات او رلعن طعن کی ہے ۔ عمران خان الزامات تو لگاتے ہیں لیکن ثبوت فراہم نہیں کرتے ۔ وہ شریف خاندان کے اثاثے ڈیکلیر کرنے کی بات کرتے ہیں تو میں بتانا چاہتاہوں کہ رائے ونڈ کی رہائشگاہ سمیت تمام اثاثے ڈیکلیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہماری جھنگ میں کوئی شوگر مل نہیں او روہ جس شوگر مل کی بات کر رہے ہیں وہ چنیوٹ میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمارے پاکستان میں بزنس کرنے پر اعتراض کرتے ہیں کیا ہم پاکستان کے شہری نہیں اگر ہم پاکستان میں بزنس نہ کریں تو کیا نائیجریا اور کینیڈا میں جا کر بزنس کریں ۔ اتفاق سٹیل مل میں چھ ہزار لوگوں کو روزگار ملا، اگر اللہ تعالیٰ نے ہمارے بزنس میں برکت ڈالی ہے تو اس میں کون سا جرم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پولٹری کی صنعت میں ہمارے اوپر مناپلی کا الزام لگایا جاتا ہے تو میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اس سیکٹر میں ہمارا شیئر 0.1فیصد ہے اور اتنا شیئر رکھنے والا کس طرح مناپلی کر سکتا ہے اسی طرح دودھ میں ہمارا 0.001فیصد شیئر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 1991ء میں ہماری شوگر مل میں آٹھ ہزار ٹن کی استعداد کا پلانٹ تھا جبکہ جہانگیر ترین کا چارہزار ٹن کا تھا آج جہانگیر ترین کا 55ہزار ٹن استعداد کا پلانٹ ہے اور ہمارا آٹھ ہزار پر ہی قائم ہے ۔

جہانگیر ترین کو کون سے سرخاب کے پر لگے ہوئے ہیں انکے پانچ پلانٹس ہیں اور میرا ایک ہی پلانٹ ہے ایسے میں ہم کیسے مناپلی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں پنجاب میں گنے کے پھوگ سے بجلی کا پاور پلانٹ لگا رہا ہوں جس سے بجلی کا یونٹ 9روپے میں ملے گا جو دیگر ذرائع سے 25روپے کا ملتا ہے ۔ عمران خان 7ارب کے پاور پلانٹ کی بات کرتے ہیں اللہ تعالیٰ نے توفیق دی تو میں پاکستان میں700ارب کے پاور پلانٹس لگاؤں گا ۔

ہم نے پاکستان میں ہی کاروبار کرنا ہے ، ٹیکس دینا ہے اور یہیں ہماری قبر بننی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین نے پانچ ارب سے پاور پلانٹ چلایا اور اب یہ دو ہو چکے ہیں اگر جہانگیر ترین لگائیں تو ٹھیک ہے اور اگر ہم لگائیں تو عمران خان کے پیٹ میں کیوں مروڑ اٹھتے ہیں۔ میں چیلنج کرتا ہوں کہ عمران خان پاکستان سے باہر میرا کوئی کاروبار یا اثاثہ ثابت کر دیں میں ہر طرح کی سزا بھگتنے کے لئے تیار ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام‘ لاء اینڈ آرڈر کی ابتر صورتحال اور انفراسٹر اکچر کی عدم دستیابی میں کون پاگل یہاں سرمایہ کاری کر یگا وہ ہم ہی ہیں جو اس ملک میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں کیونکہ ہمارا اس ملک پر یقین ہے او رہم نے یہیں پر رہنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان احتساب کی بات کرتے ہیں کیا پرویز مشرف نے ہمیں کھنگال نہیں مارا لیکن ایک ڈکٹیٹر بھی کچھ غلط ثابت نہیں کر سکا ۔

جب ہمارا خاندان جلا وطن ہوا تو کیا ہمیں حق حاصل نہیں تھاکہ اتنی بڑی فیملی کے اخراجات کس طرح پورے کرنے ہیں اس کے لئے ہم نے بیرون ممالک کاروبار کیا او راللہ نے ہمیں یہاں بھی برکت دی جو فیملی 1930سے پاکستان میں کاروبار کر رہی تھی کیا وہ جدہ میں اسٹیل مل نہیں لگا سکتی تھی ۔یہاں پر 12فیصد جبکہ وہاں پر 0.5فیصد پر قرضہ ملتا ہے ۔ عمران خان برطانیہ کے سخت قوانین کی بات کرتے ہیں ،حسین نواز کے تمام اثاثے ڈیکلیئر ہیں اور وہ ٹیکس دیتے ہیں۔

میں چیلنج کرتا ہوں کہ عمران خان جدہ میں250ملین کی اسٹیل مل ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمیں تو پوچھتے ہیں لیکن بتائیں وہ بنی گالہ کے 700کنال کے گھر میں رہتے ہیں‘ تین کروڑ کی بلٹ پروف گاڑی میں گھومتے ہیں اور صرف ڈیڑھ لاکھ روپے ٹیکس دیتے ہیں ۔ وہ بتائیں انہوں نے دس سالوں میں قومی ائیر لائن پر سفر نہیں کیا اور خصوصی طیارے استعمال ہوتے ہیں ‘ کنٹینر کا روزانہ ایک کروڑ کا خرچہ کہاں سے آتاہے ۔

وہ خود تو الزامات لگاتے ہیں لیکن جب ہم باتے کرتے ہیں تو دو سال کے بچے کی طرح رو پڑتے ہیں،وہ بتائیں اس ملک میں پارلیمنٹرین ‘ صحافی‘ بیوروکریٹس‘ پولیس سب کرپٹ ہیں اور وہی صرف دودھ کے دھلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نئے پاکستان کی بات کرتے ہیں لیکن وہ بتائیں نیا خیبر پختوانخواہ بن گیاہے ؟۔ وہاں مائننگ کا کنٹریکٹ کو ن لے رہاہے ، ہارٹیکلچر کے ادارے میں لاہور کا سب سے بڑا لینڈ مافیا کیا کررہا ہے ؟۔

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک خیبر پختوانخواہ صوبے کی عوام کے پیسے سے خصوصی طیارے پر کنسرٹ میں شرکت کرنے اسلام آباد پہنچتے ہیں اور خیبر پختوانخواہ ہاؤس میں میلہ لگا ہوا ہے ، صوبے کے پیسے سے دھرنے کے خرچے پورے کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے چین کے صدر کا دورہ منسوخ کرا کے تحفہ دیا ہے جس پر قوم انہیں کبھی معاف نہیں کر یگی ۔ انہوں نے کہا کہ شکر ہے کہ قوم نے عمران خان کو مسترد کردیا وگرنہ یہ پاکستان کا بیڑہ غرق کر دیتے ۔ انہوں نے طاہرالقادری کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ ہوم ورک کرتے ہیں ، انہوں نے آئین پڑھ رکھا ہے ۔ وہ اصلاحاتی ایجنڈے کی بات کرتے ہیں وہ آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے بات کریں ان سے سیاستدان بات کریں گے او رقوم انکی بات سنے گی ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات