جیکب آبادریلوے اسٹیشن پر کھڑی سکھر ایکسپریس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تین بوگیاں جل کر خاکستر

جمعرات 18 ستمبر 2014 21:58

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر 2014ء)جیکب آبادریلوے اسٹیشن پر کھڑی سکھر ایکسپریس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تین بوگیاں جل کر خاکستر ہوگئی،سکھر ایکسپریس کو 3بار پہلے بھی نشانہ بنایا گیا تھا،سکھر ایکسپریس کو شرپسندوں کی جانب سے آگ لگانے کی اطلاعات۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد ریلوے اسٹیشن لوکو شیڈکے پاس کھڑی جیکب آباد سے کراچی جانے والی واحد ٹرین سکھر ایکسپریس کو اچانک آگ لگ گئی اور دیکھتے دیکھتے آگ نے پوری ٹرین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں سکھر ایکسپریس کی تین بوگیاں مکمل طور پر جل کر راکھ میں تبدیل ہوگئی ، سکھر ایکسپریس کو آگ لگنے کے باعث دھواں دوردور تک دیکھائی دیا جس کے باعث شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور شہریوں کی بڑی تعداد اسٹیشن پر پہنچی ،سکھر ایکسپریس کو آگ لگنے کے واقعے کے بعد ریلوے حکام فائربرگیڈ کے عملہ کو اطلاع دی مگر فائربرگیڈ کا عملہ روایتی انداز میں تاخیر سے پہنچا جب تک بوگیاں جل چکی تھی، معلوم ہوا ہے کہ ٹرین کو شرپسندوں نے آگ لگائی ہے جبکہ اس سے قبل بھی سکھر ایکسپریس کو 3بار آگ لگائی جاچکی ہے مگر ان واقعات کی کوئی تحقیقات نہیں کی گئی اور نہ ریلوے پولیس کی جانب سے اس میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوئی اقدامات کئے ہیں جس کے باعث آئے روز سکھر ایکسپریس کو آگ لگنے کے واقعات رونما ہورہے ہیں ،اسٹیشن پر موجود مسافروں کا کہنا تھا کہ سکھر ایکسپریس کو لگائی جانے والی آگ جیکب آباد سے کراچی اس واحد ٹرین سروس کو ناکام بنانے کی سازش کا حصہ ہے ،وزیر ریلوے اس کا نوٹس لیں اور اس سازش میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرکے کاروائی کی جائے، سکھر ایکسپریس کو آگ لگنے کے باعث ٹرین کو کراچی روانہ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے جیکب آباد سے کراچی جانے والے سینکڑوں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،اسٹیشن ماسٹرنہال خان بگٹی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ سکھر ایکسپریس کو آگ لگانے واقعہ تخریبکاری ہے واقعے کے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے گا۔