خواجہ سلمان رفیق متاثرین سیلاب کو علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لینے جھنگ پہنچ گئے‘ اٹھارہ ہزاری کا بھی دورہ،

متاثرہ علاقوں میں وبائی امرض کو پھیلنے سے روکنے کے لئے اقدامات جاری ہیں‘ حکام کو ضروری ہدایات

جمعرات 18 ستمبر 2014 21:54

lلاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر 2014ء ) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کے لئے محکمہ صحت کی ٹیمیں بھرپور اقدامات کر رہی ہیں اور متاثرین سیلاب کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔انہوں نے یہ بات سیلاب سے متاثرہ ضلع جھنگ کے دورہ کے موقع پر کہی جس کے بعد وہ علاقہ اٹھارہ ہزاری بھی گئے۔

خواجہ سلمان رفیق نے متاثرین کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے لگائے گئے میڈیکل ریلیف کیمپس کا معائنہ کیا اور سٹاف کی حاضری چیک کرنے کے علاوہ ادویات اور ویکسئین اور پانی صاف کرنے والی گولیوں اور او آر ایس کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے ای ڈی او صحت جھنگ کو ہدایت کی کہ میڈیکل ریلیف کیمپس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے تاکہ کسی دوائی یا ویکسئین کی قلت نہ ہو اور عملہ کی حاضری یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ ضلع جھنگ کے تمام متاثرہ علاقوں میں یونین کونسلوں کی سطح پر بچوں کو حفاظتی ٹیکے اور حاملہ خواتین کو تشنج سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کی مہم جاری ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محکمہ صحت پنجاب کا عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے ساتھ بھی قریبی رابطہ ہے اور صوبائی حکومت اپنے انٹرنیشنل پارٹنرز کے تعاون سے متاثرہ علاقوں میں پرائمری ہیلتھ کو بہتر بنانے کے ساتھ وبائی امراض کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے اور حفظان صحت کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات بھی دیں۔

متعلقہ عنوان :