Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کا کئی گھنٹے تک ملتان ،مظفرگڑھ، راجن پور کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ،متاثرین کو خیمے دینے کا اعلان ،

طاہرالقادری نے عمران کابھانڈابیچ چوراہے میں پھوڑ دیا،لندن سازش بے نقاب ہوگئی ہے‘ محمد شہباز شریف

جمعرات 18 ستمبر 2014 21:22

لاہور /ملتان /مظفر گڑھ /راجن پور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مسلسل15ویں روز جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان،مظفرگڑھ اور راجن پور کے سیلاب زدہ علاقوں کا کئی گھنٹے تک دورہ کیا،امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا،انہوں نے سیلاب متاثرین کیلئے لگائے گئے ریلیف اورمیڈیکل کیمپوں کا بھی دور ہ کیا،وزیراعلیٰ ملتان کی تحصیل شجاع آبادکے علاقے موچی پورہ میں سیلاب متاثرہ افراد کیلئے قائم کیمپ میں گئے وہ متاثرین میں گھل مل گئے اوران کے مسائل دریافت کیے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے شجاع آباد،شہر سلطان ،علی پوراورکوٹ مٹھن میں سیلاب زدگان اورعوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طاہرالقادری نے لندن میں ملاقات کے حوالے سے عمران خان کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان آج تک کہتے رہے کہ لندن میں میری طاہرالقادری سے ملاقات نہیں ہوئی۔ طاہرالقادری یہ بھی بتا دیں وہ کون لوگ تھے جنہوں نے آپ کی ملاقات کرائی۔

پاکستانی عوام جان چکے ہیں کہ یہ ملاقات گھناؤنی سازش کا حصہ تھی اور بجلی کے منصوبے لندن پلان کا سب سے بڑا ہدف تھے۔ کینیڈا کے قادری اور عمران کی ایک ماہ گزرنے کے باوجود دال نہیں گلی کیونکہ لندن پلان اب بے نقاب ہوچکا ہے اور قوم تمام حقائق سے آگاہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے چین کے 9 دورے کئے، چین کے صدر نے دورہ پاکستان میں کئی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنا تھا۔

عمران خان نے وہ کام کیا ہے جو دشمن بھی نہیں کرتے۔ کسی مجنوں کو بھی ٹیلی ویژن پر 24، 24 گھنٹے دکھایا جاتا تو وہ بھی 15، 20 ہزار افراد اسلام آباد اکٹھے کر لیتا۔ عمران خان غریبوں سے نفرت کرتے ہیں اور انہیں محنت کشوں کے پسینے کی خوشبو سے بو آتی ہے۔عمران خان ان لوگوں میں رہنا پسند کرتے ہیں جو امپورٹڈ کپڑے پہنتے ہیں،مہنگی خوشبو لگاتے ہیں اوربرانڈ ڈ ہینڈبیگ پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے کے دعویداروں نے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور یہی عناصر چین کے صدر کا دورہ ملتوی کرانے کے ذمہ دار ہیں اور ان کا بھانڈا بیچ چوراہے میں پھوٹ گیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان اور طاہر القادری کی لندن میں بیٹھ کرپاکستان کے خلاف تیار کی گئی سازش بے نقاب ہوچکی ہے ۔

اسلام آباد میں دھرنا دینے والوں کو سیلاب زدگان کی کوئی پرواہ نہیں، عوام آئندہ انتخابات میں ان کو دریابرد کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ چین کے صدرکے پاکستان کے دورے پر نہ آنے سے قوم کو دکھ ہوا اور عوام پاکستان کا دورہ ملتوی کرانے والوں سے انتقام لیں گے اور ان گھس بیٹھیوں کو کبھی قوم معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان صاحب! آج جب پورا پنجاب ڈوبا ہوا ہے، آپ سیلاب متاثرین کے ساتھ آ کر جھوٹی ہمدردی ہی کر لیتے۔

عمران خان اسلام آباد میں روز رات کو گیت سنگیت اوررقص و سرود کی محفلیں تو سجا لیتے ہیں لیکن سیلاب زدگان کی مدد کیلئے نہیں پہنچتے۔عمران خان موسیقی کی محفلیں سجا کر سیلاب متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں۔جس طرح آج دھرنے والے آپ کو سیلاب میں ڈوبتا دیکھ کر خوشیاں منا رہے ہیں آئندہ انتخابات میں آپ نے بھی انہیں ڈوبو دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ دھرنوں پر پنجاب کا لوٹا ہوا پیسہ صرف کیا جارہا ہییہ وہی پیسہ ہے جوسابق حکمرانوں نے پنجاب بینک پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈال کرحاصل کیا تھا۔

پنجاب کے عوام اگلے الیکشن میں بے حسی کامظاہر ہ کرنے والوں کو سیاسی طورپر دریابرد کردیں گے ۔انہو ں نے کہا کہ میں روزانہ رات کو سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس کرتا ہوں اور ویڈیو لنک کے ذریعے بھی متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیوں کے حوالے سے ہدایات جاری کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ لوگوں کو عید سے قبل معاوضہ دیا جائے گا اورمیں خود اور میرے ساتھی آپ کے پاس حاضر ہو کر معاوضہ دیں گے تاکہ کوئی حقدار حق سے محروم رہ نہ جائے۔

متاثرین کوکھاد اور بیج بھی دیں گے۔ ملتان اور مظفرگڑھ کی انتظامیہ، منتخب نمائندوں، پاک افواج، ریسکیو 1122 سمیت متعلقہ محکموں نے یہاں دن رات کام کیا ہے ، میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ جب تک سیلاب سے متاثرہ آخری فرد دوبارہ اپنے گھر میں آباد نہیں ہوجاتا اور آپ اپنے پاؤں پر کھڑے نہیں ہو جاتے میں آپ کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔ وزیراعلیٰ نے ملتان میں امدادی و بحالی کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور بریفنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کو مالی امداد کے تمام عمل کی خود نگرانی کروں گا۔

متاثرین کو مکانات کے علاوہ فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا معاوضہ بھی دیا جائے گا۔ انتظامیہ اور عوامی نمائندے سروے میں شفافیت کو یقینی بنائیں۔ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی شیر علی گورچانی بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔وزیراعلیٰ نے آج مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی کے علاقے شہر سلطان اورعلی پور کا دورہ کیا اور سیلاب زدگان کے امدادی کیمپس کا معائنہ کیا۔

انہوں نے متاثرین سے ملاقات کرکے ان کے مسائل دریافت کئے۔ وزیراعلیٰ خیمہ بستیوں میں رہائش پذیرایک ایک فرد کے پاس گئے اور خیریت پوچھی۔ شہبازشریف نے متاثرین کو فراہم کئے جانے والے کھانے کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا متاثرین خود کو تنہا نہ سمجھیں، میں اور میری حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ پنجاب حکومت آپ کو ریلیف دینے کیلئے کوئی کسر اٹھانہیں رکھے گی۔

مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد کرنے والے دین اور دنیا دونوں کما رہے ہیں۔متاثرین کی بحالی کے کام کو بھی اسی جذبے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ متاثرین جن خیموں میں رہ رہے ہیں وہ گھر وں کو واپسی کے موقع پر ساتھ لے جاسکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ کے اعلان پر متاثرین نے شہبازشریف زندہ باد کے نعرے لگائے۔وزیراعلیٰ آج راجن پور کے علاقے کوٹ مٹھن بھی گئے جہاں انہوں نے امدادی کیمپوں کا دور ہ کیا ۔ سیلاب متاثرین سے ملاقات کر کے ان کے مسائل دریافت کیے ،متاثرین سے کھانے کی فراہمی اورکوالٹی کے بارے میں پوچھا، جس پر سیلاب متاثرین نے امدادی سرگرمیوں اور متاثرین کو فراہم کیے جانے والے کھانے پراطمینان کااظہار کیا ۔

وزیراعلیٰ میڈیکل کیمپوں میں بھی گئے اور ادویات کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ موبائل ہیلتھ یونٹس کا سیلاب متاثرہ علاقوں میں زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے۔ متاثرین کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے موبائل ہیلتھ یونٹس متاثرہ دیہات کے قریب ہونے چاہئیں۔مویشیوں کیلئے چارہ ،ونڈا وافر فراہم کیا جائے اوران کا بھی اسی طرح خیال رکھیں جس طرح انسانوں کا رکھا جاتا ہے۔

سیلاب متاثرین کے نقصان کے ازالہ کیلئے سروے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہے اور عید سے پہلے امداد کی پہلی قسط تقسیم کر دی جائیگی ۔وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ علاقے میں گیارہ ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں اوروزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے باقاعدگی سے خوراک اورامدادی سامان مہیا کیا جارہا ہے ۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات