PTV پر حملہ حکومت نے کرایا، اگر پولیس نے تشدد کیا تو ’دمادم مست قلندر‘ہو گا: طاہر القادری

جمعرات 18 ستمبر 2014 20:05

PTV پر حملہ حکومت نے کرایا، اگر پولیس نے تشدد کیا تو ’دمادم مست قلندر‘ہو ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر لقادری نے کہا ہے کہ سنا ہے پی ٹی وی پر حملے کو جواز بنا کرآج رات حکومت پولیس کے ذریعے مظاہرین پر تشدد کی تیاری کر رہی ہے، اگر تشدد کیا گیا تو ہم دفاع کریں گے، میں خود لوگوں کی قیادت کروں گا اور حکومت کا حشرایسا عبرت ناک ہو گاکہ کسی کو آگے بڑھنے کی جرات نہیں ہو گی، اگر آج رات حملے کی کوشش کی گئی تو ’دمادم مست قلندر ‘ ہو گا۔

انقلاب مارچ میں دھرنے کے شرکاءسے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ عوام جاگ گئی ہے، لوگوں نے ان حکمرانوں کے وی آئی پی کلچر کے خلاف بغاوت کر دی ہے، یہ شعور اس انقلاب مارچ نے دیا ہے، جھنگ کے ایک علاقے میں آج ایک سیلاب زدہ شخص نے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کو جوتا دے مارا ہے ، کل سکھر میں وزیر اعلی سندھ کی آمد پر سڑک بند کر دی گئی ، گدھا گاڑی والا وہاں سے پیچھے نہ ہٹ سکا تو اس پر تشدد کیا گیا ، اس واقعے کے بعد لوگوں نے احتجاج کیا اور وزیر اعلی سندھ کی گاڑی کو روک لیا ، ممبران قومی اسمبلی کی گاڑیوں کے چالان ہو رہے ہیں،یہ اس انقلاب مارچ کی دی ہوئی بیداری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی وی پر حملے کے ملزمان کی جاری کی گئی تصاویر میں 6لوگ پی ٹی وی کے ملازم ہیں ان میں کینٹین کا ملازم ،اسی محکمے کے اپنے ملازمین اور انجینئرز بھی شامل ہیں، حکومت ان لوگوں کو ہمارے کارکن قرار دے کر لوگوں کو بے وقوف بنا رہی ہے، ہم نے ۶ افراد کی شناخت کر لی ہے اب حکومت حملہ آوروںکی شناخت کی اعلان کردہ رقم میں 6لاکھ انقلاب مارچ کو جمع کروا دے، اگر عام لوگ پی ٹی وی پر حملہ آور ہوتے تو سارا سامان توڑ دیتے15 منٹ بعد اس ادارے کی نشریات بحال نہ ہو جاتیں، اس دن عمارت کے اندر ۴ سی سی ٹی وی کیمرے کیوں بند کئے گئے؟ طاہر القادری نے سوال اٹھایا کہ یہ جانتے ہوئے بھی کہ فوج اور رینجرز پی ٹی وی کی عمارت پر موجود نہیں ہیں،۲ ہزار پولیس اہلکاروں کو اس دن پیچھے ہٹ جانے کا حکم کس نے دیا؟یہ حملہ خود حکومت نے کروایا تھا، اس دن اگر حملہ آور ہمارے لوگ تھے تو مسلم لیگ ن کی ممبر قومی اسمبلی ماروی میمن کیسے ان سے بچ کر باہر آگئیں؟ ماروی میمن کی باتیں خاموشی سے سننے والے ہمارے کارکن نہیں تھے بلکہ مسلم لیگ ن کے ملازم تھے۔

انہوں نے کہا کہ ریمنڈ بیکر نے اپنی کتا ب میں تحریر کیا کہ موٹر وے کی تعمیر کے دوران میاں نواز شریف نے 6ارب روپے کی کمیشن لی، گندم کی درآمد میں بھی اتنی ہی رقم کمائی گئی اور بڑی بڑی رقوم غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کی گئی۔

متعلقہ عنوان :