وزیراعظم نواز شریف 25رکنی وفد کے ہمراہ21ستمبر کو اسلام آباد سے روانہ ، 23ستمبر کو نیویارک پہنچیں گے،

26ستمبر کی شام اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرینگے

جمعرات 18 ستمبر 2014 19:48

وزیراعظم نواز شریف 25رکنی وفد کے ہمراہ21ستمبر کو اسلام آباد سے روانہ ..

نیویارک/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر 2014ء) وزیراعظم میاں نواز شریف 25رکنی وفد کے ہمراہ21ستمبر کو اسلام آباد سے روانہ اور 23ستمبر کو نیویارک پہنچیں گے جہا ں وہ 26ستمبر کی شام اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرینگے ۔ وزیراعظم نیویارک کے سب سے مہنگے لگژری ہوٹل والڈ روف آسٹوریا میں قیام کرینگے ۔ امریکی صدر باراک اوبامہ بھی اسی ہوٹل میں مقیم ہونگے عالمی رہنماؤں کے ا عزاز میں صدر اوبامہ اسی ہوٹل میں استقبال بھی دینگے ۔

وزیراعظم کے ہمراہ جانے والے مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز،معاون خصوصی طارق فاطمی اوردیگر اعلیٰ حکام کے علاوہ ذاتی ملازمین بھی دنیا کے مہنگے ترین ہوٹل میں قیام کرینگے۔ ایک غیر مصدقہ اندازہ کے مطابق وزیراعظم کے سویٹ کا کرایہ تین سے پانچ ہزار ڈالر یومیہ ہوگا جبکہ دوسرے کمروں کا کرایہ ایک ہزار ڈالر روزانہ کے قریب ہے ۔

(جاری ہے)

توقع ہے کہ جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر اہم نقطہ ہوگا جبکہ وہ افغانستان اور بھارت سے تعلقات پر بھی بات کریں گے اور پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ پر بھی دنیا کو اعتماد میں لیں گے ۔

وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے بعد پاکستان کمیونٹی کی منتخب شخصیات سے بھی خطاب کریں گے جس میں توقع ہے کہ وہ انہیں ملکی سیاسی اور اقتصادی صورتحال پر اعتماد میں لینگے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے کمیونٹی سے خطاب کیلئے جگہ کے انتخاب کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی البتہ ان کا متوقع خطاب پاکستان ہاؤس میں ہوسکتا ہے جہاں سے وہ سیدھے ائرپورٹ روانہ ہو جائینگے ان کی وطن واپسی ہفتہ کی شام متوقع ہے۔

وزیراعظم میاں نواز شریف کے متوقع پاکستان ہاؤس کے دورہ کو اہم قرار دیا جارہا ہے کیونکہ کئی دہائیوں میں کسی سربراہ حکومت کا یہ پہلا دورہ ہوگا اس سے قبل سابق صدر فاروق لغاری پاکستان مشن میں خطاب کرچکے ہیں اس طرح محترمہ بے نظیر بھٹو بھی میاں نواز شریف سے قبل ہی وزیراعظم تھیں جو والڈ روف اسٹوریا میں قیام کرچکی ہیں اور اسی ہوٹل میں کمیونٹی سے خطاب بھی کیا تھا، پاکستانی کمیونٹی کی مختلف تنظیمیں اس موقع پر حکومت مخالف مظاہرے بھی کرنے کے پروگرام بنا رہی ہیں جن میں تحریک انصاف کی مقامی تنظیم پیش پیش ہے جبکہ کشمیری برادری بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خطاب کے موقع پر مظاہرہ کریگی ۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کے مطابق وزیراعظم نوازشریف امریکی نائب صدر اورجاپانی وزیراعظم سے ملاقات سمیت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں اہم کاروباری شخصیات کی شرکت متوقع ہے ۔اس کے علاوہ ایک اور سہ فریقی ملاقات ہوگی جس میں ڈنمارک ناروے کی قیادت اور وزیراعظم نوازشریف شرکت کرینگے،اس ملاقات میں پاکستان میں توانائی بحران کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔

وزیراعظم نوازشریف کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ان کی بھارتی وزیراعظم نریندرسنگھ مودی سے اہم ملاقات متوقع ہے جبکہ ممکنہ طور پر وزیراعظم امریکی صدر بارک اوبامہ سے بھی ملاقات کریں کے ‘وزیراعظم نوازشریف کے دورہء امریکہ پر یومیہ80 لاکھ روپے خرچ ہونے کا امکان ہے جبکہ نواز شریف کا اقوام متحدہ میں خطاب قوم کو 5 کروڑ 60 لاکھ میں پڑے گا، وزیرِاعظم کے نیویارک کے سات روزہ دورے کیلئے وزارتِ خارجہ نے 3 کروڑ94 لاکھ کے بجٹ کی منظوری دی تاہم سفری اخراجات ملا کر رقم5 کروڑ60 لاکھ سے تجاوز کر جائیگی اورسیلاب سے متاثرہ قوم کی نمائندگی کرنے والے وزیرِاعظم کا یومیہ خرچہ 80 لاکھ روپے ہوگا۔

اطلاعات کے مطابق نواز شریف چھوٹے جہازکے ذریعے امریکا جائیں گے، وزیراعظم ہاوٴس کے ترجمان کے مطابق دورہ کی اہمیت کے اعتبار سے خرچہ زیادہ نہیں، دورے میں وزیرِاعظم کے ہمراہ بیگم کلثوم نواز، طارق فاطمی جبکہ ذاتی اور حفاظتی عملہ بھی ہوگا۔