Live Updates

جاوید ہاشمی میرا آبپارہ یا آئی ایس آئی سے رشتہ ثابت کردیں تو میں سیاست سے کنارہ کشی کرلوں گا ،مخدوم شاہ محمود قریشی ،

ایسا نہ کرسکیں تو پھر وہ ایم اے149ملٰتان کے ضمنی الیکشن سے دستبردارہوجائیں۔مت کنفیوژن کا شکار ہے،ایک طرف پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاریاں جاری ہیں، دوسری طرف مذاکرات کی باتیں کر رہی ہیں،جمشید دستی کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے،اس کو ختم کیا جائے، پریس کانفرنس

جمعرات 18 ستمبر 2014 19:32

جاوید ہاشمی میرا آبپارہ یا آئی ایس آئی سے رشتہ ثابت کردیں تو میں سیاست ..

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی وائس چےئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جاوید ہاشمی میرا آبپارہ یا آئی ایس آئی سے رشتہ ثابت کردیں تو میں سیاست سے کنارہ کشی کرلوں گا،اگر وہ ایسا نہ کرسکیں تو پھر وہ ایم اے149ملٰتان کے ضمنی الیکشن سے دستبردارہوجائیں۔یہ بات انہوں نے جمعرات کی شام اپنی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کنفیوژن کا شکار ہے،ایک طرف پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاریاں جاری ہیں اور دوسری طرف مذاکرات کی باتیں کر رہی ہیں،انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے عدالتی حکم کے باوجود حکومت نے کنٹینر نہیں ہٹائے۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کے مابین ڈیل ہوئی ہے اور دونوں جماعتیں اپنا امیدوار جاویدہاشمی کے مقابلے میں کھڑا نہیں کررہیں،حالانکہ آصف زرداری نے کہا ہے کہ وہ جاوید ہاشمی کے مقابلے میں امیدوار کھڑا نہیں کریں گے جبکہ بلاول بھٹو زرداری کہتا ہے کہ ہم جاوید ہاشمی کے مقابلے میں امیدوار کھڑا کریں گے،ایسی صورت میں باپ بیٹے کا فیصلہ ایک نہیں ہے اور دونوں جماعتوں کے ووٹرز کنفیوژن کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے ملتان میں اپنے گھر پر حملے کے مقدمے سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے پنجاب میں بدترین سیلاب آیا جس کے نتیجے میں بہت زیادہ نقصان ہوا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت متاثرین سیلاب بے یارومددگار بیٹھے ہیں اور حکمران فوٹو سیشن کرتے پھر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے غریب عوام کو سیلاب کا تحفہ دیا،یہاں تک کہ ملتان کا دورہ کرنے والے وزیراعلیٰ اور وزیراعظم دونوں نے ملتان میں باراتیوں کی کشتی ڈوبے سے ہلاک ہونے والوں کی امداد تک نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے سوتن کا سا سلوک کیا جارہا ہے،اگر حکمران سیلاب آنے سے قبل حفاظتی بندوں کی مرمت کراتے تو شاید اتنا نقصان نہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مک مکا اور منافقت کی سیاست نہیں کرتی بلکہ ملک میں مک مکا اور منافقت کی سیاست کو ختم کرنے کیلئے آئی ہے اور عمران خان نے پارٹی اسی لئے بنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی سیٹ کی طرف دیکھ رہے ہیں اور یہاں نظریات کی سیاست نہیں کررہے،ملتان کے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ پارٹی کرے گی اور پارٹی جو فیصلہ کرے گی وہ ہمیں قبول ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی کی غلط بیانی کی وجہ سے عمران خان کو صدمہ پہنچا ہے اور مسلم لیگ (ن) ملتان میں اپنے ٹکٹ ہولڈر کا اعلان کرنے کی بجائے جاوید ہاشمی کو ترجیح دے رہی ہے،اس سے (ن) لیگ کا ووٹر ناراض ہیں اور (ن) لیگ کے فیصلے کا احترام نہیں کرے گا اور نہ ہی تائید کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ہماری جلسہ گاہ ڈی چوک نہیں بلکہ پورا پاکستان ہے اور ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے قبل ازیں شیرشاہ بند پر جمشید دستی کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جمشید دستی کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے،اس کو ختم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہمارے خلاف بھی جھوٹے مقدمات درج کرارہی ہے اور انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ خواجہ سعد رفیق کو پرویز خٹک سے ملا کر ان کی اداسی دور کردیں گے۔

ایک موقع پر جمشید دستی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں آزاد عدلیہ اور چیف جسٹس سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ پنجاب میں بند توڑنے کے واقعات کا نوٹس لے اور حکمرانوں کے خلاف کارروائی کرے ۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور شہباز شریف اس قابل ہیں کہ انہیں گریبانوں سے پکڑ کر گھسیٹا جائے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیلاب کے بعد جسٹس منصور کی رپورٹ آئی تھی جبکہ حکمرانوں نے اس پر توجہ نہیں دی،اب بھی ملتان اور مظفرگڑھ کو سیلاب سے خطرہ نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ ہزاری بند بھی غلط توڑا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا علاقہ ڈبو کر میرے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جو جھوٹا اور بے بنیاد ہے لہٰذا خارج کیا جائے۔۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات