اسپین اور عراق کے سفیروں کی ا سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات

جمعرات 18 ستمبر 2014 19:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر 2014ء) اسپین کے سفیر Mr. Javier Carbajosa Sanchez اور عراق کے سفیر Dr. Rushdi Mahmood Al-Ani نے پارلیمنٹ ہاؤ س میں قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقات میں پاکستان اور متعلقہ ممالک کے درمیان پارلیمانی رابطوں اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے سمیت دیگر دو طرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

اسپین کے سفیرMr. Javier Carbajosa Sanchezسے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اسپین کو یورپی یونین میں اہم مقام حاصل ہے اور اسپین پاکستان کا درینہ دوست ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اسپین کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور چاہتا ہے کہ پہلے سے موجود ہ تعلقات کو مزید وسعت دی جائے اور دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی و اقتصادی تعاون کے علاوہ عوامی رابطوں کو بھی فروغ دیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو ترقی کے دیگر زرائع تلاش کرنے کے لیے مزید تعاون کرنا ہوگا ۔ اسپین کے سفیرMr. Javier Carbajosa Sanchez, نے خواہش ظاہر کی کہ اسپین بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپین اور پاکستان تجارتی شراکت داری کے علاوہ مختلف شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں ۔ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کے جذبات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ عوامی رابطوں سمیت پارلیمانی اور تاجر برادری کے وفود کے تبادلوں سے دونوں اقوام کو فائدہ حاصل ہوگا۔

عراق کے سفیر Dr. Rushdi Mahmood Al-Ani سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان اور عراق مذہب ، ثقافت اور بھائی چارے کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں اور ہم عراق کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت کی نظر سے دیکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھائی چارے کے اس تعلق کو پارلیمانی رابطوں کے ذریعے مزید تقویت دی جاسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان یقینی طور پر عراق کی ترقی کا خواہاں ہے اور اس سلسلے میں پاکستانی ہنر مند ، ڈاکٹر ، انجنیئر و دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو عراق بھیج کر اس کی ترقی کی راہ ہموار کر سکتاہے۔

اسپیکر نے عراقی سفیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک سے تعلق رکھنے والی تاجر برادری کے لیے زراعت ، تیل کی پیداورار ، صنعتی پیداوار ، تعلیم اور صحت کے شعبہ سمیت بہت سے محکموں میں وافر مواقع موجود ہیں جن کے استعمال سے دونوں ملک فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔ عراق کے سفیر Dr. Rushdi Mahmood Al-Ani نے اسپیکر قومی اسمبلی کے جذبات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نہ صرف عراق کا قریبی دوست ہے بلکہ وہ ہمارا معاشی پارٹنر بھی ہے ۔

انہوں نے اسپیکر کو بتایا کہ عراق میں امن و امان کی صورتحال بڑی تیزی سے بہتر ہو رہی ہے اور حکومت تعمیر نو اور بحالی کے عمل کے کاموں میں بڑی تیزی سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے اس امر کی خواہش کی کہ عراق کی ترقی میں پاکستانی ہنر مندبڑا اہم کردار ادا کرسکتے ہیں لہٰذا پاکستان نہ صرف افرادی قوت کو عراق بھیجے بلکہ صنعتی پیداوار ، زرعی مصنوعات اور صحت سے متعلقہ سامان کے حوالے سے ماہرین کو بھی عراق بھیجاجائے۔

متعلقہ عنوان :