ملک اس وقت سیاست ،دھرنوں اور جلسے کرنے کا نہیں مصیبت زدہ جو سیلاب زدگان میں گھرے ہوئے ہیں بہن ،بھائیوں اور غریبوں کی مدد کرنے کا ہے، بلاول بھٹو زرداری،

پیپلز پارٹی مشکل وقت میں عوام کے ساتھ ہے ،شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ہمیں عوام کی خدمت کا سبق دیا ہے، ہم یہ کام زندگی کی آخری سانس تک کرتے رہے ہیں گے۔غریبوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،۔ حکومت کی موجودہ کوششیں ناکافی ہیں اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ، چینیوٹ کے موضع سید حسین سیلاب زدگان میں امدادی سامان تقسیم کرتے ہوئے موقع پر موجود کارکنوں سے خطاب،میڈیا سے گفتگو

جمعرات 18 ستمبر 2014 18:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر 2014ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اس مشکل وقت میں عوام کے ساتھ ہے ،شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ہمیں عوام کی خدمت کا سبق دیا ہے اور ہم یہ کام زندگی کی آخری سانس تک کرتے رہے ہیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری چینیوٹ کے موضع سید حسین سیلاب زدگان میں امدادی سامان تقسیم کرتے ہوئے موقع پر موجود کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب نے بہت نقصان پہنچایا ہے ۔اتنا زیادہ سیلاب کا پانی اور غریبوں کو مشکل میں دیکھ کر میں بہت پریشان ہوں ۔ہم غریبوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ حکومت کی موجودہ کوششیں ناکافی ہیں اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی متاثرین بھائیوں کے لئے اپنی بھر پور کوششیں کرے گی ۔انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے با ت چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت سیاست ،دھرنوں اور جلسے کرنے کا نہیں بلکہ اپنے مصیبت زدہ جو سیلاب زدگان میں گھرے ہوئے ہیں بہن ،بھائیوں اور غریبوں کی مدد کرنے کا ہے۔

اس حالات میں ہم اپنے سیلاب زدگان اور اس پریشانی کے عالم میں گھرے ہوئے عوام کو تنہائی میں چھوڑ دیں گے تو یہ لوگ ہمیں معاف نہیں کریں گے لہذا تمام لوگوں اور سیاست دانوں اور بڑے بڑے رفاعی اداروں کو چاہیے کہ وہ متاثرین کی امداد کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔بلاول بھٹو آج ایک خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے چینیوٹ پہنچے ان کی آنے والی پروٹوکول گاڑیاں اور ان کے لئے منگوائی گئی بلٹ پروف گاڑی سیلابی پانی کے دلدل میں پھنس گئیں جنہیں نکالنے کے لئے علاقہ کے زمینداروں اور پولیس نے چار ٹریکٹر منگوائے اس کے باوجود بڑی مشکل سے دو گاڑیوں کو دلدل سے نکالا جا سکا چنانچہ صورت حال کے پیش نظر بلاول بھٹو زرداری سیلاب زدگان کے پاس جانے کے لئے تین فٹ گہرے پانی میں پیدل چل کر ان کے پاس پہنچے اس دوران ان کے ساتھ آنے والے پیپلز پارٹی کے کئی رہنما اور میڈیا کے لوگ بھی پانی میں پھسل گئے ۔

بلاول بھٹو جب وہاں متاثرین کو امدادی اشیاء کی تقسیم کے لئے پہنچے تو علاقہ کے لوگوں نے ان کا شاندار استقبال کیا اور بعض بوڑھی خواتین نے بلاول بھٹو کا ماتھا چوما ۔بلاول کے ہمراہ منظور احمد وٹو،سید خورشیدہ شاہ ،بیگم شیریں رحمن، قمر زمان کائرہ اور پیپلز پارٹی کے دیگر سیاسی رہنما بھی ہمراہ تھے۔بعد ازاں بلاول بھٹو چینیوٹ فیصل آباد روڈ پر واقعہ قلعہ راجوآ سادات میں گئے جہاں انہوں نے سیلاب متاثرین میں امدادی اشیاء تقسیم کیں۔۔