زمانہ امن کی تربیت ہی جنگ کے دوران کامیابی کی واحد ضمانت ہے،جنرل راحیل شریف

جمعرات 18 ستمبر 2014 17:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر۔2014ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے فوجیوں کیلئے جسمانی فٹنس کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ زمانہ امن کے دورا ن حاصل کردہ تربیت ہی جنگ کے دوران کامیابی کی واحد ضمانت ہے، آپریشن ضرب عضب میں شریک پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کاعزم لائق تحسین ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے جونیئرلیڈراکیڈیمی شنکیاری میں انٹررجمنٹل سنٹرجسمانی چستی ومستعدی سسٹم (پی اے سی ای ایس)چمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی ۔

چمپئن شپ میں مجموعی طورپر18ٹیموں نے حصہ لیا پی اے سی ای ایس نظام پاک فوج میں فزیکل فٹنس کے معیارات کومزیدبڑھانے کیلئے شروع کیاگیا ہے جس کامقصد مستقبل میں جنگی صورتحال کے چیلنج والے ماحول کاکامیابی سے سامنا کرنا ہے اس نظام کے تحت جدید تکنیکوں پر انحصار کرتے ہوئے اجتماعی کی بجائے انفرادی صلاحیتوں کے فروغ پر توجہ مرکوزکی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

چیف آف آرمی سٹاف نے مطلوبہ معیارات کے حصول کیلئے تربیت کاروں اورتربیت حاصل کرنیوالے فوجیوں کی غیرمعمولی کارکردگی اورمسابقتی جذبے کوسراہا فوجیوں کیلئے جسمانی فٹنس کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ نے زوردیا کہ زمانہ امن کے دورا ن حاصل کردہ تربیت ہی جنگ کے دوران کامیابی کی واحد ضمانت ہے انہوں نے جاری آپریشن ضرب عضب میں شریک پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کے عزم کو بھی سراہا۔

بعدازاں آرمی چیف نے چمپئن شپ میں کامیابی حاصل کرنیوالی اوررنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اوربہترین انفرادی کارکردگی دکھانے والے فوجیوں کو میڈل دیئے۔بہترین انفرادی کارکردگی پرسپاہی گلفام ،سپاہی محمدزبیر، سپاہی نوید اشرف اورسپاہی بدرعلی نے میڈل حاصل کئے۔قبل ازیں جونیئرلیڈراکیڈیمی آمدپر انسپکٹرجنرل ٹریننگ اینڈایوالویشن لیفٹیننٹ جنرل اکرم الحق نے چیف آف آرمی سٹاف کااستقبال کیا۔

متعلقہ عنوان :