جعفرآباد میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر محکمہ پولیس نے بھی حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دے دی

جمعرات 18 ستمبر 2014 17:15

جعفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر۔2014ء) جعفرآباد میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر محکمہ پولیس نے بھی حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دے دی،ڈی پی او آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں تمام آفیسران کو ہنگامی حالات کے دوران ہائی الرٹ رہنے کا حکم ،کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا،رپورٹ کے مطابق:۔پنجاب سے دریائے سندھ میں داخل ہونے والے سیلابی ریلے سے جعفرآباد میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر محکمہ پولیس نے بھی اپنے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ۔

پولیس کی جانب سے کیے جانے والے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈی پی او آفس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید اشفاق انورکی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں جعفرآباد کے تمام سرکلزکے ڈی ایس پیز، انسپکٹرز اور تھانوں کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ڈی پی او جعفرآباد نے تمام پولیس افسران کو ہنگامی حالات میں ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ناگہانی آفات میں پولیس کا بھی فریضہ ہے کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے جبکہ سیلاب کے دوران سیلابی پانی میں پھنسنے والے افراد کو بھی باہر نکالنے کیلئے پولیس کے جوانوں پر مشتمل تیراکی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں اور ڈی پی او آفس میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر فاروق فیض لہڑی کی زیر نگرانی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔

ڈی پی او نے تمام تھانوں اور پولیس چیک پوسٹوں پر تعینات افسران اور اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ سیلابی صورتحال کے بارے میں کنٹرول روم کو لمحہ بہ لمحہ آگاہ کرتے رہیں تاکہ بروقت اقدامات کیے جاسکیں ۔انکا کہنا تھا کہ سیلابی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں تمام مساجد وں میں لاؤڈ اسپیکراز پر اعلانات بھی کیے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :