Live Updates

آئی جی پنجاب سے پی ٹی آئی کے گرفتار اور نظر بند کارکنوں کی فہرست طلب

جمعرات 18 ستمبر 2014 17:13

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر۔2014ء ) لاہور ہائیکورٹ نے عدالت کے حکم کے باوجود تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں کیخلاف صوبائی وزیرقانون اور آئی جی پنجاب کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت23 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے گرفتار اور نظر بند کارکنوں کی فہرست طلب کر لی ۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران تحریک انصاف کے گر فتار کارکنوں کے وکیل نے موقف اپنایاکہ معززعدالت نے تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتار یا نظر بند نہ کرنے کے احکاما ت جاری کئے تھے لیکن اسکے باوجود گرفتاریاں او ر نظر بندیاں کی گئیں جو توہین عدالت کے مترداف ہے ۔

عدالت سے استدعا ہے کہ اس معاملہ پر وزیرقانون پنجاب اور آئی جی پنجاب کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔آئی جی پنجاب کی جانب سے جمع کروائے گئے جوا ب میں کہاگیا کہ تحریک انصاف کے کسی کارکن کوغیرقانونی طور پر گرفتار یا نظربند نہیں کیاگیا اورنہ ہی عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی گئی ۔عدالت نے آئی جی پنجاب سے پی ٹی آئی کے گرفتار اور نظر بند کارکنوں کی فہرست طلب کرتے ہوئے کیس کی مزیدسماعت23 ستمبر تک ملتوی کردی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات