ای سی او ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدوں کے لیے اقدامات شروع کئے جائینگے ‘ صدرای سی او چیمبر آف کامرس انڈسٹری ذکریا عثمان

جمعرات 18 ستمبر 2014 17:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر۔2014ء)اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) چیمبر آف کامرس انڈسٹری کے صدر ذکریا عثمان نے ای سی او ممالک کے درمیان تجارتی معاشی اور اقتصادی تعلقات کو ٹھوس اور مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ای سی او ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدوں کے لیے اقدامات شروع کریں گے اور اس کا مقصد ای سی اوبلاک میں مانیٹری یونین کی تشکیل ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ای سی او پاکستان، ترکی، ایران، افغانستان اور وسط ایشیائی ممالک آذربائیجان، قازقستان، کرغستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان پر مشتمل معاشی تعاون کا بلاک ہے۔ زکریا عثمان نے ای سی او چیمبر کا مستقل ہیڈ کوارٹر پاکستان میں بنانے کا مطالبہ کیا اور حکومت سے کہا کہ وہ اس کے لیے پلاٹ اور دیگر سہولتیں فراہم کرے جس طرح سارک چیمبر آف کامرس اور اسلامک چیمبرز آف کامرس کے ہیڈ کوارٹرز کے لیے سہولتیں دی گئی ہیں اور ای سی او چیمبر کے عہدیداران کو سفارت کار کا درجہ دیا جائے۔