قوم کو نئے پاکستان کی نہیں چاروں صوبوں کو بچانے کی ضرورت ہے،یاسین آزاد

جمعرات 18 ستمبر 2014 16:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر۔2014ء) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدریاسین آزاد نے کہا ہے کہ قوم کو نئے پاکستان کی ضرورت نہیں بلکہ جو چار صوبے موجود ہیں ان کو بچانے کی کوشش کی جائے، پی ٹی آئی اور پاکستان عوامی تحریک کا وزیر اعظم پاکستان سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنا جائز نہیں ہے دھرنوں اور احتجاج سے استعفیٰ نہیں لیے جاتے، سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ کی مضبوطی اور وکلاء سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر آئین و قانون کے لیے کام کریں۔

وہ جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جناح ہال میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدارت کے امیدوار فضل ا لحق عباسی کی حمایت میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے خہا کہ وکلاء برادری آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے ، آئین پاکستان پر جب بھی شب خون مارنے کی کوشش کی گئی تو وکلاء نے ہراول دستے کاکردار ادا کیا ہے ، وکلاء نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی بحالی اور عدلیہ بحالی تحریک میں جو خدمات سرانجام دیں وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائینگی ۔

(جاری ہے)

پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہونی چاہیے پاکستانی قوم کو نئے پاکستان اور نئے انقلاب کی ہرگز ضرورت نہیں ہے کیونکہ 1971 میں نئے پاکستان کی خاطر ملک وقوم قربانی دیکھ چکے ہیں قوم کو نئے پاکستان کی ضرورت نہیں بلکہ جو چار صوبے موجود ہیں ان کو بچانے کی کوشش کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہورت جیسی بھی ہو اس کے ثمرات قوم کو ملتے ہیں ملک میں ریاست کی رٹ قائم ہونی چاہیے بدقسمتی کے ساتھ ملک کے کئی حصوں میں ریاست کی رٹ نظر نہیں آتی سابق صدر سپریم کورٹ بار یسین آزاد نے کہا کہ وکلاء 1973ء کے آئین کا تحفظ کرینگے اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے ہر فورم پر جنگ لڑینگے پی ٹی آئی اور پاکستان عوامی تحریک کا وزیر اعظم پاکستان سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنا جائز نہیں ہے دھرنوں اور احتجاج سے استعفیٰ نہیں لیے جاتے سیاسی جماعتوں کو پارلیمنٹ کی مضبوطی اور وکلاء کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر آئین و قانون کے لیے کام کرنا چاہیے ۔

تقریب میں سپریم کورٹ بار کے صدر کے لئے نامزد امیدوار فضل الحق عباسی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر محسن اختر کیانی ، نائب صدر سرفراز نیازی ، سیکرٹری جنرل شوکت عمران ، ڈپٹی اٹارنی جنرل ملک فیصل فاروق ، ڈپٹی اٹارنی جنرل طلعت عباسی ،ڈپٹی اٹارنی جنرل جہانگیر جدون ، اسلام آباد بار کے سپرٹیننڈنٹ قاضی ارشد کے علاوہ ڈسٹرکٹ بار و اسلام آباد بار کے سینکڑوں وکلاء نے شرکت کی ۔

تقریب کے اختتام پر ڈپٹی اٹارنی جنرل آف پاکستان طلعت عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد بار کے تمام وکلاء سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نامزد امیدوار فضل الحق عباسی کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں امید ہے کہ وہ صدر منتخب ہوکر وکلاء کی فلاح وبہبود اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے ہر ممکن کوشش کرینگے اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ہراول دستے کا کام کرینگے

متعلقہ عنوان :