Live Updates

لندن میں ہونے والی ملاقاتوں کا راز کھل گیا ہے‘ لندن پلان کا سب سے بڑا ہدف چینی صدر کا دورہ ملتوی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کو روکنا تھا‘ شہباز شریف

جمعرات 18 ستمبر 2014 16:53

شجاع آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر۔2014ء) وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لندن میں ہونے والی ملاقاتوں کا راز کھل گیا ہے‘ لندن پلان کا سب سے بڑا ہدف چینی صدر کا دورہ ملتوی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کو روکنا تھا‘ دھرنے والوں نے چینی صدر کا دورہ ملتوی کرکے وہ کام کیا جو دشمن بھی نہیں کرتا‘ چین پاکستان کا دوست اور اصل دشمن دھرنے والے ہیں۔

جمعرات کو شجاع آباد میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان روزانہ ٹی وی پر آکر جھوٹ بولتے ہیں کہ لندن میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی لیکن ڈاکٹر طاہرالقادری نے ان کے جھوٹ کا پول کھول دیا اور اس بات کا اعتراف کیا کہ ان کی لندن میں ملاقات ہوئی ہے۔ طاہرالقادری نے لندن کی ملاقاتوں کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔

(جاری ہے)

نیا پاکستان بنانے کے دعوے کرنے والوں نے چین کے صدر کا دورہ ملتوی کردیا۔

لندن ملاقاتوں کا سب سے بڑا ہدف بھی چینی صدر کا دورہ ملتوی کرانا ہی تھا۔ چینی صدر نے پاکستان میں توانائی کے منصوبوں پر دستخط کرنے تھے لیکن ان دھرنوں کی وجہ سے وہ حریف ملک بھارت چلے گئے اگرچہ وہ بھارت چلے گئے ہیں لیکن دوست وہ پاکستان کے ہیں اور وہ ضرور پاکستان آئیں گے۔ چین پاکستان کا سب سے قریبی دوست ہے۔ پاکستان کے اصل دشمن یہ لوگ ہیں جو دھرنے دے کر بیٹھے ہیں۔

چینی صدر کی آمد کو روک کر پاکستان کو اندھیروں میں دھکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ عید کے روز بھی میں سیلاب متاثرین کے درمیان ہوں گا۔ سیلاب متاثرین کیلئے امدادی اداروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کہا گیا ہے کہ آپ نے خیبر پختونخواہ حکومت کی امداد کیوں نہیں لی تو میں نے کہا کہ جس گھر میں میت پڑی ہو اور اس کا ہمسایہ شادیانے بجائے‘ صبح چار دیگیں چاولوں کی بھیج دے تو وہ قبول کرلے گا۔

خیبر پختونخواہ کے عوام ہمارے بہن بھائی ہیں۔ خیبر پختونخواہ اور پنجاب کے عوام غیرتمند ہیں۔ پنجاب سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے۔ وزیراعلی خیبر پختونخواہ اور عمران خان کنٹینر پر رقص کررہے ہیں ہمیں ایسی امداد کی ضرورت نہیں جو مشکل گھڑی میں بھائی کے کام نہ آئے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :