Live Updates

عمران خان اور طاہر القادری کا مقصد ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے ‘بیرونی سرکاری روکنے کے اپنے مشن میں کامیا ب ہوئے ‘ سعد رفیق

جمعرات 18 ستمبر 2014 16:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر۔2014ء) وفاقی وزیر ریلوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری کا مقصد ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے،دونوں رہنما بیرونی سرمایہ کاری روکنے کے اپنے مشن میں کامیاب ہوئے ہیں۔پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ چند سو افراد ملک کی معیشت اور ترقی کے دشمن بنے ہوئے ہیں، عمران خان اور طاہر القادری ریاست کو گرانے کی کوشش کررہے ہیں،دونوں رہنما ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو بڑھانے کے لئے بہت کام کیا ہے،قوم نعروں سے نہیں بلکہ سوچ بچار سے بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دھرنوں کے لئے پیسہ دینے والوں کا ایجنڈا یہی تھا کہ چین کو پاکستان سے دور کیا جائے،خیبر پختونخواہ کی حکومت ناکام ہے قوم کو حساب دیں۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ ملکی معیشت کو اربوں روپوں کا ٹیکہ لگا دیا گیا ، غیر ملکی سرمایہ کاری کو روکنے کیلئے عمران خان اور طاہر القادری پیش پیش ہیں، ان دونوں لیڈروں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، پارلیمنٹ ہاؤس اور عدلیہ کی تذلیل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان اور طاہر القادری نے عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا کر حکومت کو مفلوج کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ عورتوں اور بچوں کو یرغمال بنا کر رکھا ہوا ہے۔ عمران خان نے عملاً خیبرپختونخوا کی حکومت کو قید کیا ہوا ہے، ان کو فوری طو رپر رہا کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے چین کے صدر کے دورے کے متعلق سوال کے جواب میں کہاکہ پاکستان کی معیشت میں جو غیر ملکی سرمایہ کاری آنا تھی، وہ عمران خان اور طاہر القادری کی وجہ سے نہیں ہو سکی۔

عمران خان اور طاہر القادری نے ملکی سرمایہ کاری کو سبوتاژ کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہاکہ چین کے صدر کے دورہ کے موقع پر ساڑھے دس ہزار میگاواٹ کے منصوبے پر دستخط ہونا تھے، اس کے علاوہ گڈانی میں یونٹ قائم کرنے تھے لیکن بدقسمتی سے نہ ہو سکے۔ وزیراعظم نے بیسوں مرتبہ چین کے دورے کئے جس کی وجہ سے چین پاکستان کے اندر سرمایہ کاری پر راضی ہوا لیکن اس غیر ملکی سرمایہ کاری کو عمران خان اور طاہر القادری نے سبوتاژ کیا۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف پہلی سیاسی پارٹی ہے جس نے فوج جیسے ادارے اور عدلیہ کو متنازعہ کیا قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ملک اس وقت سیلاب جیسی مصیبت سے لڑ رہا ہے، یہاں ناچ گانے کی محفلیں جمی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پورٹ قاسم جیسے منصوبوں پر کام نہ ہونے کی وجہ سے ملک کو پھر سے بجلی کے شاٹ فال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان ملکی معیشت کے دشمن ہیں ملک کو بچانا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ دھرنا کی سیاست کو ختم ہونا چاہئے، عمران خان اب عملی کام پر توجہ دیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :